لیاقت یونیورسٹی اسپتال حیدرآباد میں جدید سرجیکل سہولتوں کے نئے دور کا آغازعوامی صحت سے متعلق انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے اسٹیٹ آف دی آرٹ “ماڈیولر آپریشن تھیٹرز”کی تعمیر آخری مراحل میں داخل ہو گئی ۔
سندھ کے عوام کو عالمی معیار کی محفوظ اور جدید طبی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہیں ۔ایم ایس ڈاکٹر سید ارشاد حسین کاظمی
حیدرآباد۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔لیاقت یونیورسٹی اسپتال (LUH) حیدرآباد میں مریضوں کو جدید ترین اور محفوظ سرجیکل مراعات کی فراہمی کے لیے ایک اہم منصوبے پر پیش رفت جاری ہے۔ اسپتال انتظامیہ کی جانب سے ہیلتھ کیئر انفراسٹرکچر کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالنے کے لئے تعمیر کیے جانے والے اسٹیٹ آف دی آرٹ ”ماڈیولر آپریشن تھیٹرز”(Modular Operation Theatres)کا کام تکمیل کے آخری مرحلے میں ہے۔اس سلسلے میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ لیاقت یونیورسٹی اسپتال حیدرآباد ڈاکٹر سید ارشاد حسین کاظمی نے بتایا کہ اسپتال انتظامیہ سندھ بھر بالخصوص اندرون سندھ سے آنے والے مریضوں کو اعلی ترین اور معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ماڈیولر آپریشن تھیٹرز کا قیام اسپتال کی تاریخ میں ایک اہم پیش رفت اور سنگ میل ثابت ہوگا، اس کی تکمیل سے پیچیدہ سے پیچیدہ سرجری کو عالمی معیار کے مطابق، کم سے کم انفیکشن کے خطرے اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے انجام دیا جا سکے گا۔ایم ایس ڈاکٹر سید ارشاد حسین کاظمی نے مزید بتا یا کہ ہمارا مقصد غریب و مستحق مریضوں کو وہی جدید اور اعلی معیار کی سرجیکل سہولتیں فرااہم کرنا ہے جو نجی اسپتالوں میں مہنگی فیسوں سے دستیاب ہوتی ہیں۔ اس منصوبے کی پیش رفت اور کام کے مختلف مراحل کی ویڈیو اور تصاویر بھی جلد منظر عام پر لائی جا رہی ہیں اور پروجیکٹ کا باقاعدہ افتتاح بھی جلد کیا جائے گا۔