نوشہروفیروز ( رانا ندیم انجم )
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ون) لیاقت علی لُونڈ کی زیر صدارت ضلع نوشہروفیروز میں اینٹوں کی قیمتیں مقرر کرنے کے لئے ایک اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں لیبر آفیسر، پرائس کنٹرول انسپیکٹر فہيم احمد ملک، محکمہ پولیس، روینیو کے افسران اور بھٹہ مالکان نے شرکت کی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پوری سندھ میں اینٹوں کی قیمت مقرر کی جارہی ہیں جس کا مقصد عام آدمی کو اس مہنگائی کے دور میں سہولت فراہم کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اینٹوں کے نرخ مقرر نہ ہونے کے باعث کچھ بھٹہ مالکان نے اپنی من مانی شروع کر رکھی تھی۔ انہوں نے ضلع بھر میں اینٹوں کی قمیت 25ہزار روپے فی 3ہزار اینٹ مقرر کردی۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے مقررہ نرخوں پر عمل درآمد نہ کرنے والے بھٹہ مالکان کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔ انہوں نے محکمہ تحفظ ماحولیات کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ بھٹوں پر استعمال ہونے والے ایندھن کا جائزہ لیں اور ماحولیات قانون پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے لیبر آفیسر کو ہدایت کی کہ وہ اینٹوں کے بھٹوں کا دورہ کریں اور وہاں پر مزدوروں کو قانونی حقوق فراہم کرنے اور چائلڈ لیبر کو کنٹرول کرنے کے لئے اقدامات کریں۔ انہوں نے تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنروں کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ افسران سے بھٹوں کا سروے کرائیں اور وہاں پر اینٹوں کے مقرر نرخوں پر عملدرآمد کرائیں۔