سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی محرم الحرام عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے

راول ہاؤس، راہوکی، ٹنڈو جام
24 جون 2026
سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی محرم الحرام عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے ، حکومت سندھ کی جانب سے محرم الحرام کے لیے تمام تر انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ حیدرآباد سمیت صوبے بھر میں جلوسوں کے راستوں کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران پورے سندھ میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے اور علماء کرام سے اجلاس کرکے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی ہے۔
راول ہاؤس راہوکی ٹنڈوجام میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ صوبہ سندھ میں محرم الحرام کے دوران جس طرح اہل تشیع اہتمام کرتے ہیں، اسی طرح اہل سنت بھی اہتمام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کربلا کے واقعے سے سبق حاصل کرنے کی ضرورت ہے اور سندھ میں بلا تفریق امام حسینؑ اور ان کے رفقا کو خراج عقیدت پیش کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت صوبے بھر میں سندھ حکومت کی جانب سے مؤثر انتظامات کیے گئے ہیں۔ الحمدللہ امن و امان کی صورتحال بہتر ہے، تاہم حکومت کی جانب سے مزید مؤثر انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ این ایف سی سے کٹوتی نہیں ہوئی، تاہم ترجیحات کے مطابق صوبوں نے اپنا حصہ شیئر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام صوبوں کو کم حصہ مل رہا ہے، جس کے باعث ترقیاتی کام متاثر ہوں گے اور ترقیاتی بجٹ بھی کم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کام کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن ارکان نے بجٹ پڑھا ہی نہیں تھا۔ اپوزیشن نے بجٹ پڑھنے کے بجائے ہنگامہ آرائی کی اور ایوان سے چلے گئے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے بہت زیادتی کی گئی ہے۔ پورے پاکستان کی امپورٹ اور ایکسپورٹ کراچی سے ہوتی ہے، اس کے باوجود کراچی سے سکھر تک ایک بھی موٹروے موجود نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو صوبہ سب سے زیادہ ٹیکس دے رہا ہے، اسی کو نظر انداز کیا گیا ہے۔ امید ہے کہ ہمارے ساتھ کیے گئے وعدے پورے کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت مختلف شہروں میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھا رہی ہے۔ اب تک تین ہزار سے زائد کلومیٹر سڑکیں تعمیر کی جا چکی ہیں جبکہ پنک اسکوٹیز بھی مزید دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم 500 الیکٹرک (ای وی) بسیں لا رہے ہیں جبکہ ڈبل ڈیکر بسیں بھی آ رہی ہیں۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کوشش ہے کہ حیسکو اور کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی کا نظام بہتر بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد سے سکھر جائیں تو سڑکی کی حالت ایسی ہے کہ ایمبولینس میں جانا پڑے گا ۔
انہوں نے کہا کہ علیم خان ایک اچھے شخص ہیں، ان کی باتوں سے لگتا ہے کہ وہ کچھ نہ کچھ ضرور کریں گے۔
بانی پی ٹی آئی کی رہائی سے متعلق صحافی کے سوال پر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ میری دعا ہے کہ وہ رہا ہو جائیں۔
سندھ حکومت میں ممکنہ تبدیلیوں سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت میں جتنی بھی تبدیلی کی بات چل رہی ہے، وہ یوٹیوب پر چل رہی ہے۔

Comments

No comments yet. Why don’t you start the discussion?

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *