حیدرآباد پبن کی حدود میں اسکول کے طلبہ کا ٹرانسپورٹرز کے خلاف احتجاج

حیدرآباد پبن کی حدود میں اسکول کے طلبہ کا ٹرانسپورٹرز کے خلاف احتجاج، ایس ایس پی حیدرآباد شاہزیب چاچڑ نے طلبہ کو اپنے دفتر مدعو کرلیا گزشتہ روز چیک پوسٹ پبن کی حدود میں اسکول کے طلبہ کی جانب سے ٹرانسپورٹرز کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ طلبہ کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹرز انہیں اسکول کے اوقات میں سفری سہولت فراہم کرنے سے انکار کرتے ہیں، جس کے باعث انہیں اسکول پہنچنے میں تاخیر ہوتی ہے اور ان کی تعلیم متاثر ہوتی ہے۔ احتجاج کے دوران طلبہ نے سڑک بلاک کردی، جس پر پولیس نے طلبہ کو سڑک بلاک نہ کرنے اور ٹریفک کی روانی متاثر نہ کرنے کے لیے سمجھایا، تاہم اس دوران طلبہ اور پولیس کے درمیان تلخ کلامی کی صورتحال پیدا ہوگئی۔واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ایس ایس پی حیدرآباد شاہزیب چاچڑ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس ڈی پی او ہوسڑی اور انچارج پبن کو طلبہ کے مسائل حل کرنے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کی، جبکہ طلبہ کو اپنے دفتر بھی مدعو کیا۔ایس ڈی پی او ہوسڑی واجد اکبر اور انچارج پبن محمد علی کورائی نے ایس ایس پی حیدرآباد کی ہدایت پر اسکول کا دورہ کیا اور طلبہ کو درپیش مسائل تفصیل سے سنے۔ پولیس افسران نے طلبہ کے مسائل کے حل کے لیے ضروری اقدامات بھی کیے۔
آج ایس ایس پی حیدرآباد شاہزیب چاچڑ نے طلبہ کو اپنے دفتر مدعو کرکے ان کے مسائل خود سنے اور ان کے حل کے لیے مزید ضروری احکامات جاری کیے۔اس موقع پر ایس ایس پی حیدرآباد نے طلبہ کو آگاہ کیا کہ سڑک بلاک کرنا، ٹریفک کی روانی متاثر کرنا اور بدنظمی پیدا کرنا ایک غیر اخلاقی اور غیر قانونی عمل ہے۔ کسی بھی مسئلے کے حل کے لیے قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے کے بجائے متعلقہ اداروں سے رجوع کیا جائے۔ایس ایس پی حیدرآباد شاہزیب چاچڑ نے طلبہ کو یقین دہانی کرائی کہ وہ ان کے سفری مسائل کے حل کے لیے اسکول انتظامیہ اور ٹرانسپورٹرز سے بات کرکے ایسا مؤثر حل نکالنے کی کوشش کریں گے، جس کے تحت طلبہ کو اسکول آنے اور واپس جانے کے لیے بروقت سفری سہولت فراہم کی جاسکے۔ایس ایس پی حیدرآباد نے کہا کہ طلبہ اور تعلیم ہمارے ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں، طلبہ کو حصولِ تعلیم کے لیے ہر ممکن سہولت اور آسانی فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ ہم نوجوان نسل کو ملک و قوم کا عظیم مستقبل بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ طلبہ سمیت ہر شہری کے لیے ان کے دفتر کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں، شہری اپنے مسائل کے حل کے لیے بلا جھجھک پولیس سے رابطہ کرسکتے ہیں۔آخر میں ایس ایس پی حیدرآباد نے طلبہ میں تحائف بھی تقسیم کیے جس پر طلبہ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ایس ایس پی حیدرآباد کا شکریہ ادا کیا اور آئندہ سڑک بلاک کرنے یا کسی بھی قسم کی بدنظمی پیدا نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

Comments

No comments yet. Why don’t you start the discussion?

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *