کمشنر حیدرآباد کا این ڈی ایف بحالی مرکز کا دورہ، خصوصی بچوں کے لیے فراہم کردہ خدمات کو سراہا

کمشنر حیدرآباد کا این ڈی ایف بحالی مرکز کا دورہ، خصوصی بچوں کے لیے فراہم کردہ خدمات کو سراہا

حیدرآباد : ( ) کمشنر حیدرآباد فیاض حسین عباسی نے کہا ہے کہ ذہنی و نشوونمائی معذوریوں کے شکار بچوں کی بہتر نشوونما، بحالی اور انہیں معاشرے کا فعال حصہ بنانے کے لیے بروقت تشخیص، علاج معالجے، خصوصی تعلیم اور مناسب تربیت کی فراہمی انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے نیشنل ڈس ایبلٹی اینڈ ڈیولپمنٹ فورم (این ڈی ایف) پاکستان کی جانب سے خصوصی بچوں کی بحالی کے لیے انجام دی جانے والی خدمات کو سراہا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے قاسم آباد حیدرآباد میں این ڈی ایف پاکستان کے بحالی مرکز کے دورے کے موقع پر کیا۔ اس دوران انہوں نے مرکز میں بچوں کے علاج معالجے، مختلف تھراپیز، بحالی اور خصوصی تعلیم کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔

کمشنر حیدرآباد نے ادارے کی ٹیم کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ این ڈی ایف کی کاوشوں سے خصوصی بچوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی آرہی ہے جبکہ ان کے خاندانوں کو بھی اہم معاونت فراہم کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بروقت تشخیص اور مؤثر بحالی کے ذریعے ان بچوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور انہیں زیادہ سے زیادہ خودمختار بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔

اس موقع پر این ڈی ایف پاکستان کے صدر اور تمغۂ امتیاز یافتہ عابد لاشاری نے کمشنر حیدرآباد کو ادارے کے مختلف بحالی پروگراموں اور خدمات کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ادارے میں ڈاؤن سنڈروم، آٹزم، دماغی فالج (سیریبرل پالسی) اور دیگر نشوونمائی معذوریوں کے شکار بچوں کے لیے فزیوتھراپی، اسپیچ تھراپی، آکوپیشنل تھراپی، نفسیاتی تھراپی، خصوصی تعلیم، ابتدائی مداخلت اور والدین کی رہنمائی سمیت مختلف سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

دورے کے موقع پر انجینئر انور علی سیال، پروفیسر عبدالخالق انصاری اور این ڈی ایف کی منیجر ردا فاطمہ بھی موجود تھیں۔

Comments

No comments yet. Why don’t you start the discussion?

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *