


سيبس یونیورسٹی جامشورو میں ڈیجیٹل تجارتی سہولتوں پر سیمینار
جامشورو ( مجاہد عزیز): شهيد الله بخش سومرو (سيبس) یونیورسٹی آف آرٹ، ڈیزائن اینڈ ہیریٹیجز، جامشورو کے کوالٹی انہانسمنٹ سیل کے زیرِ اہتمام “ڈیجیٹل تبدیلی کے ذریعے سرحد پار تجارت کو آسان بنانا“کے عنوان سے ایک سیمینار منعقد کیا گیا۔
سیمینار کے آغاز میں ڈائریکٹر کوالٹی انہانسمنٹ سیل ، ڈاکٹر شبینہ شیخ نے استقبالیہ خطاب میں تجارت کی کارکردگی بہتر بنانے اور قومی اقدامات کے ساتھ تعلیمی اداروں کے مؤثر رابطے کے لیے ڈیجیٹل اصلاحات کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ پاکستان سنگل ونڈو (پی ايس ڈبليو) سے وابستہ رضوان صمد نے ڈیجیٹل تبدیلی اور جدید تجارتی سہولت کاری کے نظام پر خطاب کيا اور سرحد پار تجارت کو آسان بنانے میں پی ايس ڈبليو اور ٹريڈ انفارميشن پورٹل آف پاکستان کے کردار کو اجاگر کیا۔
ڈائبٹیز ٹیلی کیئر کی بانی و سی ای او، ڈاکٹر ثانیہ بشیرنے بدلتی ہوئی ڈیجیٹل معیشت میں کاروباری چیلنجز اور مواقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ سیمینار میں حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز کی نمائندگی کرتے ہوئے شان سہگل اور ان کی ٹیم نے بھی شرکت کی، جنہوں نے کاروباری برادری کے نقطۂ نظر سے آراء پیش کیں۔
سیمینار میں مختلف شعبہ جات کے چیئرپرسنز، فیکلٹی ممبران اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کا اختتام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ارابیلا بھٹو کے کلماتِ تشکر پر ہوا، جنہوں نے اس اقدام کو سراہا اور اکیڈمیا کو قومی ڈیجیٹل تبدیلی اور تجارتی سہولت کاری کی اصلاحات سے ہم آہنگ کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
