حیدرآباد20جنوری ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرٹو حیدرآباد صبا کلوڑکی زیر صدارت ایک اجلاس آج ان کے دفترمیں منعقد ہوا، جس میں اینٹی ہیومن ٹریفکنگ، اینٹی بونڈیڈ لیبر، ڈسٹرکٹ وجیلنس کمیٹی اور ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی برائے چائلڈ پروٹیکشن کے افسران کے ساتھ ساتھ پولیس، لیبر ڈیپارٹمنٹ، چائلڈ پروٹیکشن یونٹ، وومن ڈویلپمنٹ، صدر پریس کلب حیدرآباد ،سوشل ویلفیئر اور دیگر متعلقہ اداروں کے اہلکار بھی موجود تھے۔اجلاس میں غیر رجسٹرڈ اینٹوںکے بھٹوں کی رجسٹریشن، بھٹوں پر بچوں سے جبری مشقت کے خاتمے اور مزدوروں کے شناختی مسائل کے فوری حل پر زور دیا گیا۔ متعلقہ اداروں کے افسران نے مشترکہ انسپیکشنز کے ذریعے نگرانی کو موثر بنانے اور خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی کی یقین دہانی کروائی۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ بچوں کو منشیات، انسانی اسمگلنگ اور جبری مشقت کراونے والے عناصر سے محفوظ رکھنے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں گے اور کسی بھی صورت میں قانون کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بچوں اور مزدوروں کے حقوق کی حفاظت حکومت سندھ کی اولین ترجیح ہے اوراس ضمن میں متعلقہ ادارے اس مقصد کے حصول میں بھرپور تعاون کریں گے۔
