

حیدرآباد تعلیمی بورڈ کے انٹرمیڈیٹ امتحانات کے پوزیشن ہولڈرز میں میڈلز، نقد رقم اوراسناد تقسیم کیے گئے
حیدرآباد تعلیمی بورڈ کے انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات 2026 کے حوالے سے شہباز ہال حیدرآباد میں منعقدہ تقریب میں ڈویژنل کمشنر حیدرآباد فیاض حسین عباسی نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں انٹرمیڈیٹ کے مختلف گروپس میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں گولڈ و سلور میڈلز، نقد رقم اور تعاریفی اسناد تقسیم کیے گئے- اس موقع پر کالجز کے پرنسپلز، اساتذہ اور ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کے والدین بھی موجود تھے –
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر حیدرآباد ڈویژن فیاض حسین عباسی نے پوزیشن ہولڈرز، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ طلبہ کی کامیابی ایک اجتماعی کامیابی ہے جس میں طلبہ کے ساتھ ان کے اساتذہ اور والدین کا بھی اہم کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی نئے چیلنجز کا سامنا کرنے کی شروعات ہے، والدین، اساتذہ اور دوستوں نے ان سے جو توقعات وابستہ کیں ہیں انہیں پورا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پیشے کا انتخاب انسان خود کرتا ہے، تاہم اپنے منتخب شعبے میں کامیابی کے لیے مسلسل جدوجہد کرکے اپنا راستہ بنانا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کی تقریب کا مقصد طلبہ کی اب تک کی کامیابی کا اعتراف اور انہیں مستقبل کے سفر کے لیے حوصلہ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہی نوجوان مستقبل میں ڈاکٹر، انجنیئر اور افسر بن کر اپنے معاشرے کے نظام میں مثبت کردار ادا کریں گے، جو ان کے والدین، اساتذہ اور دوستوں کے لیے باعث فخر ہوگا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین حیدرآباد تعلیمی بورڈ فقیر محمد لاکھو نے کہا کہ پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی اور ان کی مزید کامیابیوں کے لیے انعامات رکھے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نمایاں پوزیشن حاصل کرنا طلبہ کی محنت اور صلاحیت کا اعتراف ہے جبکہ یہ حوصلہ افزائی انہیں مستقبل میں بھی اپنی فیلڈ میں مزید آگے بڑھنے اور نمایاں مقام حاصل کرنے کی ترغیب دے گی۔ تقریب میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے طالبعلموں کو گولڈ میڈل اور 50 ہزار روپے جبکہ دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے طالبعلموں کو سلور میڈل اور 20 ہزار روپے نقد انعام دیا گیا۔ پری انجینئرنگ گروپ میں عبداللہ، گورنمنٹ بوائز ہائر سیکنڈری اسکول ٹنڈو غلام علی نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ مناہل میمن، گورنمنٹ نزرت گرلز کالج نے دوسری اور عابدہ، گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول بھکر جمالی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔انٹرمیڈیٹ کمپیوٹر سائنس گروپ میں قرة العین، گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج ٹنڈو محمد خان نے پہلی، مریم بی بی، گورنمنٹ گرلززبیدہ کالج نے دوسری اور آمنہ علی، ورکرز انٹرمیڈیٹ کالج فار گرلز سائٹ کوٹری نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔انٹرمیڈیٹ ہیومینٹیز گروپ میں پروین، گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج سیہون نے پہلی، مرک، گورنمنٹ ڈگری کالج ٹنڈو محمد خان نے دوسری اور سلمیٰ، گورنمنٹ کی بی ایم ایس گرلز کالج حیدرآباد نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔