

*جامشورو چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کا دورۂ جامشورو، خواتین کے سہولت فیملی کورٹ مرکز اور آر او پلانٹ کا افتتاح*
سندھ کی عدالتوں میں سولر سسٹم اور ای لائبریریوں کی فراہمی مکمل، مانجھند، سیہون اور تھانہ بولا خان کی عدالتوں میں بھی ترقیاتی منصوبے مکمل
محکمہ اطلاعات حکومت سندھ، جامشورو، 17 اکتوبر 2026ء
جامشورو: چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس ظفر احمد راجپوت نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ جامشورو کا دورہ کیا اور خواتین کے سہولت مرکز، فیملی کورٹ کے ملاقات روم اور آر او واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے عدالتی احاطے میں پودا لگا کر شجرکاری بھی کی اور آر او پلانٹ کے افتتاح کے بعد اس کا پانی پی کر معیار کا جائزہ لیا۔
چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کے ہمراہ جسٹس ریاضت علی ساہڑ، جسٹس جان علی جونیجو، جسٹس محمد ہمایوں خان اور دیگر جج صاحبان بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جامشورو شاہد احمد اعوان، ڈپٹی کمشنر جامشورو غضنفر علی قادری، جامشورو بار ایسوسی ایشن کے صدر حیدر علی انڑ، سندھ بار کونسل کے رکن میر احمد منگریو، رجسٹرار سندھ ہائیکورٹ آصف مجید قریشی، سینئر وکلا اور دیگر عدالتی افسران نے بھی شرکت کی۔
جامشورو سمیت مختلف عدالتوں میں ترقیاتی منصوبے مکمل
جامشورو ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس جسٹس ظفر احمد راجپوت نے کہا کہ گزشتہ دورۂ جامشورو کے موقع پر ترقیاتی منصوبوں سے متعلق کیے گئے وعدے چھ ماہ کے مختصر عرصے میں پورے کیے گئے ہیں۔ انہوں نے منصوبوں کی تکمیل میں چیف جسٹس آف پاکستان، ایکسیس ٹو جسٹس پروگرام، متعلقہ ترقیاتی اداروں اور اپنی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔
انہوں نے بتایا کہ ایکسیس ٹو جسٹس پروگرام کے تحت سندھ کی تمام عدالتوں میں سولر سسٹم نصب کیے گئے ہیں، جبکہ ای لائبریریوں کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ جدید ٹیکنالوجی پر مبنی ان سہولیات سے وکلا کو قانونی تحقیق اور عدالتی امور کی انجام دہی میں مدد ملے گی۔
چیف جسٹس کے مطابق ڈسٹرکٹ کورٹ جامشورو میں مجموعی طور پر 12 کلوواٹ کے سولر سسٹم، ای لائبریری، خواتین کے سہولت مرکز، انتظار گاہ، میٹنگ روم، علیحدہ واش رومز اور ای کیوسک سمیت مختلف سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ فیملی کورٹ کے لیے دو ایئرکنڈیشنرز، فلٹریشن کی سہولت سے آراستہ آٹھ اسٹیل واٹر کولرز اور آر او واٹر پلانٹ بھی فراہم کیا گیا ہے۔
مانجھند، سیہون اور تھانہ بولا خان کی عدالتوں میں بھی سہولیات
چیف جسٹس نے بتایا کہ مانجھند کورٹ میں 3 کلوواٹ، سیہون کورٹ میں 6 کلوواٹ اور ٹی بی خان کورٹ میں 3 کلوواٹ کے سولر سسٹم نصب کیے گئے ہیں۔ سیہون، تھانہ بولا خان اور مانجھند کی عدالتوں میں ای لائبریریاں قائم کی گئی ہیں، جبکہ سیہون میں خواتین کے لیے سہولت مرکز بھی فراہم کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن جامشورو کو 6 کلوواٹ سولر سسٹم، ای لائبریری، دو ای کیوسک اور چار واٹر ڈسپنسر فراہم کیے گئے ہیں، جبکہ سیہون بار ایسوسی ایشن کے لیے 3 کلوواٹ سولر سسٹم اور ای لائبریری قائم کی گئی ہے۔
عدالتوں میں صاف پانی کی فراہمی بنیادی ضرورت ہے
چیف جسٹس نے عدالتوں میں صاف پینے کے پانی کی دستیابی کو بنیادی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ دور دراز علاقوں سے آنے والے سائلین کے لیے عدالتوں میں مفت اور صاف پانی کی فراہمی ناگزیر ہے۔ انہوں نے تقریباً سات سال قبل ڈسٹرکٹ کورٹ جیکب آباد کے دورے کا واقعہ بیان کرتے ہوئے بتایا کہ شدید گرمی میں دو بچوں کے ساتھ ایک شخص کو ننگے پاؤں چلتے دیکھ کر انہیں عوام کو درپیش مشکلات اور محرومیوں کا احساس ہوا۔ اسی لیے عدالتوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کو اہمیت دی جارہی ہے۔
انہوں نے نگرپارکر میں سول جج کی عدالت کو ماڈل کورٹ کے طور پر ترقی دینے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہاں واٹر فلٹریشن پلانٹ، ای لائبریری، خواتین کے سہولت مرکز، ای کیوسک اور واٹر کولرز سمیت مختلف سہولیات فراہم کی گئیں، جنہیں بعدازاں صوبے کی دیگر عدالتوں میں بھی متعارف کرایا گیا۔
بار ایسوسی ایشن کی عمارت میں توسیع اور پارکنگ کے منصوبے
چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے مقامی بار کے مطالبے پر جامشورو بار ایسوسی ایشن کی عمارت میں توسیع اور مانجھند کورٹ میں پارکنگ کی سہولت فراہم کرنے کے منصوبوں پر ترجیحی بنیادوں پر پیش رفت کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے متعلقہ انجینئرز کو ضروری سروے جلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی۔
انہوں نے بتایا کہ جوڈیشل کمپلیکس جامشورو کے لیے مزید دو سولر سسٹم اور فلٹریشن کی سہولت والے اسٹیل واٹر کولرز فراہم کرنے کے منصوبے زیر غور ہیں، جبکہ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے لیے ایک اضافی واٹر کولر بھی فراہم کیا جائے گا۔
عدالتی افسران سے ملاقات، سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات
دورے کے دوران چیف جسٹس نے عدالتی افسران سے ملاقات اور اجلاس کیا، جس میں عدالتی امور اور سہولیات کی بہتری سے متعلق تبادلۂ خیال کیا گیا۔ انہوں نے جامشورو سے اپنی سابقہ وابستگی کا ذکر کرتے ہوئے قانونی برادری سے تعلق کو بھی اجاگر کیا۔
دوسری جانب چیف جسٹس کے دورے کے موقع پر سندھ پولیس کی جانب سے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ جامشورو اور مختلف راستوں پر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔