


رپورٹ محمد حسین پرمار
از دفتر ایڈیشنل آئی جی کراچی
ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان سے کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن کراچی (سی آر اے) کی گورننگ باڈی اراکین نےکراچی پولیس آفس میں ملاقات کی۔ ملاقات کے موقع پر وفد کی سربراہی صدر سی آر اے سمیر قریشی نے کی۔
ملاقات میں باہمی تعاون، پیشہ ورانہ امور، جرائم کی روک تھام میں میڈیا کے کردار اور پولیس و کرائم رپورٹرز کے درمیان روابط کو مزید مؤثر بنانے سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر سی آر اے کے نائب صدر عبید اللہ شاہ، جنرل سیکریٹری ندیم احمد ، سیکریٹری اطلاعات آصف خان، خازن اکرم قریشی سمیت گورننگ باڈی کے اراکین عدنان راجپوت، اورنگزیب جبار، ثاقب عالم، صبا عروج خان، اظہر زیدی، مطلوب بیگ اور وحید جیلانی شامل تھے۔
ملاقات کے دوران وفد نے پولیس چیف کو سی آر اے اراکین کی تربیت، فلاحی سرگرمیوں اور صحافیوں کو درپیش پیشہ ورانہ چیلنجز کے حل کیلئے جاری اقدامات سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر جنرل سیکریٹری سی آر اے ندیم احمد نے فرائض کی ادائیگی کے دوران صحافیوں کے خلاف بیرونی دباؤ کے تحت درج ہونے والے مقدمات پر اپنی تشویش سے آگاہ کیا اورایسے عمل کو آزادیٔ اظہاررائے اور صحافت کیلئے نقصان دہ قرار دیا۔
ملاقات میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ صحافیوں کو درپیش کسی بھی شکایت یا مسئلے کی صورت میں کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن کو آن بورڈ لیا جائے گا جبکہ باہمی مشاورت اور مشترکہ لائحہ عمل کے تحت مسائل کے حل کے لیے مربوط اور مؤثر حکمتِ عملی اختیار کی جائے گی۔
پولیس چیف نے معاشرے کی اصلاح، امن و امان کی بہتری اور اسٹریٹ کرائم سمیت دیگر جرائم کی نشاندہی اور روک تھام میں کرائم رپورٹرز کے مثبت اور ذمہ دارانہ کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ کرائم رپورٹرز نے ہمیشہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی حوصلہ افزائی کی اور جرائم کے خلاف اقدامات کو اجاگر کیا ہے۔
وفد کی جانب سے پولیس اور کرائم رپورٹرز کے مابین مشترکہ اقدامات سے متعلق پیش کی گئی تجاویز کو سراہتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی نے کہا کہ باہمی روابط کا تسلسل وقت کی اہم ضرورت ہے۔ پولیس عوام دوست اور مؤثر پولیسنگ کے فروغ کے لیے ہر سطح پر اقدامات جاری رکھے گی۔
ترجمان کراچی پولیس
