بین الصوبائی موٹر سائیکل لفٹر گینگ بے نقاب، پولیس مقابلے کے بعد 02 ملزمان زخمی حالت میں جبکہ 02 بلا ضرب گرفتار

کراچی:( رپورٹ : محمد حسین سومرو) شاہراہِ نور جہاں پولیس نے اندرونِ ٹنکی گراؤنڈ، بلاک T نارتھ ناظم آباد میں دو موٹر سائیکلوں پر سوار 04 مسلح ملزمان سے مقابلے کے بعد 02 ملزمان کو زخمی حالت میں جبکہ 02 کو بلا ضرب گرفتار کر لیا۔
زخمی ملزمان کی شناخت فیض ولد عالم داد اور ذوالفقار ولد بھنول، جبکہ بلا ضرب گرفتار ملزمان کی شناخت کاظم ولد فرید میاں اور عبدالوہاب ولد محمد ساجد کے نام سے ہوئی۔
ملزمان کے قبضے سے 30 بور اور 9 ایم ایم کے 02 پستول، لوڈ میگزین، 09 زندہ گولیاں، 02 کی پیڈ موبائل فونز اور ایک ٹچ موبائل فون برآمد ہوا۔
ملزمان کے زیرِ استعمال 02 موٹر سائیکلیں بھی برآمد ہوئیں، جن میں سے ایک 17 جون کو تھانہ تیموریہ کی حدود جبکہ دوسری 29 ستمبر کو تھانہ حیدری کی حدود میں حیدری مارکیٹ سے چوری کی گئی تھی۔ دونوں موٹر سائیکلوں کے چوری کے مقدمات کی تفصیلات بھی حاصل کر لی گئی ہیں۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان کراچی کے مختلف علاقوں سے موٹر سائیکلیں، نقدی، قیمتی اشیاء اور موبائل فونز چوری و چھیننے کے بعد مسروقہ سامان اندرونِ سندھ منتقل کرتے تھے۔
ملزمان واردات کی نیت سے علاقے میں موجود تھے کہ پولیس پارٹی کو دیکھ کر فرار ہونے کی کوشش کی اور فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں 02 ملزمان زخمی جبکہ 02 بلا ضرب گرفتار ہوئے۔
گرفتار ملزمان سابقہ ریکارڈ یافتہ اور عادی جرائم پیشہ ہیں، جو کراچی کے مختلف تھانوں سے متعدد مرتبہ گرفتار ہو کر جیل جا چکے ہیں۔ ملزمان کا مزید سابقہ کرمنل ریکارڈ حاصل کیا جا رہا ہے۔
واقعے کا مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

Comments

No comments yet. Why don’t you start the discussion?

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *