
حیدرآباد(بیورورپورٹ) اسری یونیورسٹی حیدرآباد میں نواں جاب اینڈ ٹریڈ فیئر منعقد ہوا جس میں مختلف کمپنیوں کی جانب سے اسٹالز لگائے گئے، بی بی ایس ایچ آر آر ڈی بی کی جانب سے لگایا گیا اسٹال نوجوانوں، سرکاری افسران اور مہمانوں کی خصوصی توجہ کا مرکز بنا رہا، اس موقع پر بورڈ نے نوجوانوں کو ہنر مند بنانے اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے عزم کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا، اس موقع پر بی بی ایس ایچ آر آر بی ڈی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر حیدرآباد قربان علی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر جامشورو یاسمین، نعمان صدیقی اور دیگر بھی موجود تھے، جاب اینڈ ٹریڈ فیئر میں ریجنل کنسلٹنٹ برائے وزیر اعلی سندھ سلیمان دستی نے بھی اسٹال کا دورہ کیا اور نوجوانوں کو تکنیکی و پیشہ وارانہ تربیت فراہم کرنے کے اقدامات کو سراہا، انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کے جاب فیئر پلیٹ فارمز نوجوانوں کو براہِ راست روزگار کے مواقع فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، اس موقع پر قربان علی کو چانسلر اسری یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر حمیداللہ قاضی کی جانب سے جاب فیئر میں نمایاں کارکردگی اور خدمات کے اعتراف میں سرٹیفکیٹ بھی پیش کیا گیا، فیئر کے دوران بی بی ایس ایچ آر آر بی ڈی ٹیم نوجوانوں کو آگاہی سیشنز، موقع پر رجسٹریشن، اور مختلف تربیتی پروگراموں خصوصاً آئندہ شروع ہونے والے پیرا میڈیکل کورسز کے بارے میں معلومات فراہم کرتی رہی۔ اسٹال پر نوجوانوں کی بڑی تعداد نے دلچسپی کا اظہار کیا، جو اس امر کا ثبوت ہے کہ حیدرآباد کے نوجوان تکنیکی اور پیشہ ورانہ تعلیم کی جانب راغب ہیں۔
