
ٹنڈو محمد خان
ایکریڈیٹیشن کارڈ کے اجرا سے متعلق اہم اجلاس، فارم وصولی کا شیڈول جاری
ٹنڈو محمد خان میں ڈپٹی ڈائریکٹر اطلاعات غوث محمد پٹھان کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفس میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صدر پریس کلب غلام نبی کیریو، جنرل سیکریٹری مظفر رند اور صحافتی تنظیم یونین آف جرنلسٹ کے صدر رمضان شورو، سینئر صحافی قاضی شمس نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد صحافتی نظام کو مؤثر بنانا اور ایکریڈیٹیشن کارڈ کے اجرا کے عمل کو شفاف اور منظم انداز میں یقینی بنانا تھا۔ ہیڈ آفس کی ہدایات کے مطابق فیصلہ کیا گیا کہ اجرا کے لیے مقررہ شرائط اور مطلوبہ دستاویزات پر سختی سے عمل کیا جائے گا تاکہ عمل کو بہتر بنایا جا سکے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ایکریڈیٹیشن کارڈ کے فارم موصول ہو چکے ہیں۔ کارڈ حاصل کرنے کے خواہشمند صحافی مقررہ ہدایات کے مطابق مکمل دستاویزات کے ساتھ درخواست جمع کرائیں، بصورتِ دیگر درخواست قابل قبول نہیں ہوگی۔ واضح کیا گیا کہ 15 مارچ 2026 کے بعد کوئی درخواست وصول نہیں کی جائے گی۔ فارم صرف منگل، بدھ اور جمعرات کو دوپہر 3 بجے سے شام 5 بجے تک وصول کیے جائیں گے۔ درکار دستاویزات میں دو عدد تصاویر، کارآمد دفتری شناختی کارڈ (جس پر “District Reporter 2026” واضح درج ہو)، متعلقہ ایڈیٹر/ڈائریکٹر نیوز/بیورو چیف کا کورنگ لیٹر، قومی شناختی کارڈ (CNIC) کی کاپی، نئے درخواست دہندگان کے لیے اس بات کا حلف نامہ کہ وہ کل وقتی صحافی ہیں اور سرکاری ملازم نہیں، رجسٹرڈ صحافتی تنظیم کے رکنیت کارڈ کی کاپی، اخبار کی دو تازہ نقول اور اوتھ کمشنر سے تصدیق شدہ حلف نامہ شامل ہیں. نامکمل درخواستیں یا مطلوبہ دستاویزات کے بغیر جمع کرائے گئے فارم مسترد کر دیے جائیں گے۔
