







وفاقی وزیر احسن اقبال کا سیبس یونیورسٹی جامشورو کا دورہ
جامشورو (13 فروری 2026ء): وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے شہید اللہ بخش سومرو (سیبس) یونیورسٹی آف آرٹ، ڈیزائن اینڈ ہیریٹیجز، جامشورو کا دورہ کیا، جہاں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ارابیلا بھٹو، اساتذہ اور یونیورسٹی کے اعلیٰ حکام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
اپنے دورے کے دوران وفاقی وزیر نے یونیورسٹی کے واٹر ریزروائر کے مقام پر کراچی واہ (کے بی فيڈر)سے آنے والی نئی مکمل شدہ واٹر لائن کا افتتاح کیا، جو کیمپس میں پانی کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔
وفاقی وزیر نے طلبہ کی جانب سے حکومت کے انقلابی قدم فائيو اِيز فریم ورک کے تحت پیش کیے گئے مختلف منصوبوں اور اسٹالز کا بھی دورہ کیا۔ یہ فریم ورک برآمدات، اِی پاکستان، ماحولیات، توانائی و انفراسٹرکچر اور مساوات پر مشتمل ہے، جس کا مقصد پاکستان کو پائیدار معاشی ترقی اور قومی خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔
پروفیسر احسن اقبال نے طلبہ سے ملاقات کی اور انہوں نے طلبہ کے جذبے اور تخلیقی صلاحیتوں کو سراہا۔ طلبہ نے وزیر کے دورے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور اپنی تعلیمی و تخلیقی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ اعلیٰ تعلیمی ادارے پاکستان کے مستقبل کی تعمیر میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے طلبہ کو تلقین کی کہ وہ جدت، تحقیق اور قومی تعمیر کے عمل میں فعال کردار ادا کریں۔
آخر ميں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ارابیلا بھٹو نے وفاقی وزير کو شيلڈ اور اجرک کا تحفه پيش کيا۔ وفاقی وزیر کے ہمراہ وزیرِ مملکت کهيئل داس کوهستانی، مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر بشير احمد ميمن اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاه محمد شاه بھی موجود تھے۔
