حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر محمد سلیم میمن نے کہا ہے کہ ڈائریکٹریٹ جنرل ٹریڈ آرگنائزیشن (DGTO) کے 30 مارچ 2026 کو جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، چیمبرز کی سالانہ ممبرشپ کی تجدید کی آخری تاریخ میں 20 اپریل 2026 تک توسیع کر دی گئی ہے۔ انہوں نے اسے ایک خوش آئند اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے تاجر برادری کو اپنے قانونی تقاضے پورے کرنے کے لیے مزید سہولت میسر آئے گی۔صدر چیمبر محمد سلیم میمن نے اس اہم پیش رفت کو فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FPCCI) کے صدر عاطف اکرام شیخ کی مؤثر کاوشوں کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ تاریخ میں اس توسیع کے لیے ان کا کردار انتہائی کلیدی رہا ہے۔ عاطف اکرام شیخ صاحب نے تاجر برادری کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈی جی ٹی او (DGTO) سے خصوصی درخواست کی تھی، جس کی بدولت ملک بھر کے تاجروں کو ریلیف ملا ہے۔ ان کی متحرک قیادت اور بروقت مداخلت سے کاروباری برادری کو اپنی دستاویزات مکمل کرنے کا اضافی وقت مل سکا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ توسیع کاروباری برادری کے لیے ایک اہم موقع ہے کہ وہ اپنی ممبرشپ کی بروقت تجدید کے ساتھ ساتھ اپنی ٹیکس دستاویزات کو بھی مکمل کریں، تاکہ کسی بھی قانونی پیچیدگی یا رکنیت کی منسوخی سے بچا جا سکے۔ حیدرآباد چیمبر ہمیشہ سے اپنے اراکین کے مفادات کے تحفظ اور ان کی رہنمائی کے لیے کوشاں رہا ہے، اور اس ضمن میں تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔سلیم میمن نے تمام ممبران پر زور دیا کہ وہ مقررہ آخری تاریخ 20 اپریل 2026 سے قبل اپنی ممبرشپ کی تجدید لازمی مکمل کریں کیونکہ اس کے بعد مزید توسیع کا امکان نہیں ہے، اور بصورتِ دیگر ممبرشپ ازخود منسوخ ہو سکتی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ چیمبر تاجر برادری اور متعلقہ اداروں کے درمیان ایک مضبوط پل کا کردار ادا کرتا رہے گا اور آئندہ بھی کاروباری آسانیوں کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
