کمشنر حیدرآباد فیاض حسین عباسی نے کہا ہے کہ سرکاری معاملات میں بہتری لانے اور عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام افسران کو اپنی کارکردگی مزید مؤثر، نتیجہ خیز اور شفاف بنانا ہوگا، جبکہ کے پی آئیز (KPIs) پر سختی سے عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے یہ بات ضلع مٹیاری میں منعقدہ کارکردگی جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، جو ڈی سی آفس مٹیاری کے سیکریٹریٹ میں قائم لطیف ہال میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر مٹیاری محمد یوسف شیخ، ڈپٹی کمشنر دادو سید مرتضیٰ علی شاہ اور ڈپٹی کمشنر ٹنڈو الہیار نور مصطفیٰ لغاری سمیت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز اور مختلف تعلقوں کے اسسٹنٹ کمشنرز نے بڑی تعداد میں شرکت کی، جہاں تمام ڈپٹی کمشنرز نے اپنے اپنے اضلاع کے حوالے سے کمشنر حیدرآباد کو تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر مٹیاری محمد یوسف شیخ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع میں ایک لاکھ پچیس ہزار درخت لگائے گئے ہیں، جبکہ مٹیاری میں پہلی بار میراتھن ریس کا انعقاد کیا گیا، جس کے ذریعے نوجوانوں اور طلبہ میں تعلیم اور صحت کے حوالے سے آگاہی پیدا کی گئی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ترقیاتی اسکیموں پر کڑی نگرانی رکھتے ہوئے معیاری کام کو یقینی بنایا گیا ہے، جبکہ بچیوں کے لیے لائبریری بھی قائم کی گئی ہے۔ رمضان المبارک کے دوران مستحق خاندانوں میں راشن تقسیم کیا گیا اور پورے مہینے بازاروں میں ریٹ لسٹ پر سختی سے عملدرآمد کرانے کے لیے باقاعدہ نگرانی کی گئی۔
اسی طرح ڈپٹی کمشنر ٹنڈو الہیار اور ڈپٹی کمشنر دادو نے بھی اپنے اضلاع کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ان کے اضلاع میں سیف ہاؤسز میں بہتری لائی گئی ہے اور غریب طلبہ کے لیے اسکول بیگز اور جوتے فراہم کیے گئے ہیں، جبکہ سماجی بہبود اور تعلیم کے شعبے میں مختلف اقدامات کیے گئے ہیں۔
اجلاس کے دوران تمام افسران نے اپنے اپنے اضلاع اور تعلقہ سطح پر کی گئی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ پیش کیا، جبکہ پاور پوائنٹ پریزنٹیشنز کے ذریعے مختلف شعبوں میں حاصل کردہ پیش رفت، درپیش مسائل اور ان کے حل کے حوالے سے جامع بریفنگ بھی دی گئی۔
کمشنر حیدرآباد نے پیش کردہ کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اضلاع میں انتظامی امور، عوامی خدمات، صحت، تعلیم، ریونیو، صفائی اور ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دیں اور حکومتی ہدایات پر مکمل اور بروقت عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوامی مسائل کے حل میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور فیلڈ میں موجودگی بڑھائی جائے تاکہ عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
اس موقع پر کمشنر حیدرآباد نے ڈی سی آفس مٹیاری کے سیکریٹریٹ میں ایک پودا بھی لگایا اور ملک و قوم کی بھلائی کے لیے دعا کی۔
اجلاس میں ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا گیا کہ بہتر ہم آہنگی اور ٹیم ورک کے ذریعے عوامی خدمات میں مزید بہتری لائی جا سکتی ہے۔
