
کھاریاں (شاہد بیگ سے)
انجمن تاجران مین بازار کھاریاں کے شاہین گروپ کھاریاں کی جانب سے کھاریاں پریس کلب میں ایک اہم پریس کانفرنس منعقد کی گئی، جس میں انہوں نے الیکشن بورڈ پر عدم اعتماد کا اظہار کیا۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شاہین گروپ کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ووٹر لسٹوں میں سنگین بے ضابطگیاں پائی گئی ہیں، جس کے باوجود الیکشن بورڈ کی جانب سے تاحال کوئی واضح جواب یا وضاحت سامنے نہیں آئی۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک ووٹر لسٹوں کا معاملہ درست نہیں کیا جاتا، الیکشن کروانا بے معنی اور وقت کا ضیاع ہے۔شاہین گروپ کے نمائندوں نے باو جاوید گروپ کو بھی دعوت دی کہ وہ آئیں، ہمارے ساتھ بیٹھیں اور باہمی مشاورت سے مسئلے کا حل نکالا جائے تاکہ تاجر برادری کو درپیش اس بحران کا منصفانہ حل ممکن ہو سکے۔اس موقع پر جنرل سیکرٹری کھاریاں پریس کلب آفتاب احمد نذر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کھاریاں پریس کلب ایک غیر جانبدار ادارہ ہے اور یہ تمام فریقین کے لیے یکساں طور پر ایک پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو بھی فریق اپنا مؤقف پیش کرنا چاہے، پریس کلب اس کے لیے دروازے کھلے رکھے گا اور تمام مؤقف بغیر کسی جانبداری کے پیش کیے جائیں گے۔پریس کانفرنس کے اختتام پر شاہین گروپ نے ایک بار پھر مطالبہ کیا کہ ووٹر لسٹوں کی فوری درستگی عمل میں لائی جائے تاکہ شفاف اور منصفانہ انتخابات ممکن ہو سکے
