دفتر صوبائی الیکشن کمشنر سندھ
اعلامیہ
مورخہ 18 جنوری 2026
جامع قومی ووٹر رجسٹریشن مہم (آئی این وی آر) فیز۔5 اس وقت سندھ کے 16 اضلاع میں جاری ہے، جس کا مقصد خواتین سمیت زیادہ سے زیادہ اہل شہریوں کو ووٹر فہرستوں میں شامل کرنا اور انتخابی عمل میں ان کی شمولیت کو یقینی بنانا ہے۔ اس سلسلے میں میئر سیکریٹریٹ حیدرآباد میں ایک اجلاس منعقد ہوا، جس میں مہم کی پیش رفت اور درپیش چیلنجز کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کی صدارت الیکشن کمیشن آف پاکستان کے شعبۂ جینڈر اینڈ سوشل انکلوژن کی ڈائریکٹر جنرل محترمہ نگہت صدیق نے کی۔ اجلاس میں خواتین کی ووٹر رجسٹریشن میں حائل رکاوٹوں، فیلڈ سرگرمیوں، آگاہی مہمات اور ادارہ جاتی رابطہ کاری کو مزید مؤثر بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ مہم کی اب تک کی کارکردگی اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں الیکشن کمیشن آف پاکستان اور نادرا کے افسران نے شرکت کی اور ووٹر رجسٹریشن کے عمل، موبائل رجسٹریشن سرگرمیوں اور فیلڈ میں جاری اقدامات سے متعلق اپنی رپورٹس پیش کیں۔ جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر (ایڈمن) سندھ طاہر منصور خان اور جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر (الیکشنز) سائیں بخش چنڑ نے بھی اجلاس میں شرکت کی اور خواتین ووٹرز کی رجسٹریشن کے عمل کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیا۔
