پیما کراچی کی جانب سے ڈاکٹر آکاش کمار کے المناک قتل کی شدید مذمت، مجرموں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ

*پیما کراچی کی جانب سے ڈاکٹر آکاش کمار کے المناک قتل کی شدید مذمت، مجرموں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ*

*(رپورٹ سٹی ایڈیٹر ڈاکٹر عبدالرحیم کراچی)*

*صدر پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما) کراچی، ڈاکٹر سید احمر حامد نے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (JPMC) کے نوجوان ڈاکٹر ڈاکٹر آکاش کمار کے دورانِ ڈکیتی قتل پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس افسوسناک واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر آکاش کمار ایک باصلاحیت اور محنتی نوجوان ڈاکٹر تھے، جنہوں نے بحریہ یونیورسٹی سے ایم بی بی ایس مکمل کیا، ہاؤس جاب انجام دی اور گزشتہ دو برس سے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر میں خدمات انجام دے رہے تھے۔ ان کا تعلق ضلع خیرپور میرس، سندھ سے تھا اور ان کا اس طرح اچانک دنیا سے چلے جانا اہل خانہ، ساتھی ڈاکٹروں اور پوری طبی برادری کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں ڈاکٹروں اور عام شہریوں کے خلاف بڑھتے ہوئے جرائم انتہائی تشویشناک ہیں۔ ایسےواقعات نہ صرف شہریوں کےاحساسِ تحفظ کو متاثر کرتے ہیں بلکہ معاشرے میں خوف و بے یقینی کو بھی فروغ دیتے ہیں۔

صدر پیما کراچی نے حکومت سندھ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث تمام ملزمان کو فوری گرفتار کر کے قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔
واقعے کی مکمل، شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کو یقینی بنایا جائے۔ڈاکٹروں، طبی عملے اور دیگر شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے موثر اور پائیدار اقدامات کیے جائیں تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام ممکن ہو۔آخر میں ڈاکٹر سید احمر حامد نے ڈاکٹر آکاش کمار کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پیما کراچی اس مشکل وقت میں غمزدہ خاندان اور طبی برادری کے ساتھ کھڑی ہے اور امید کرتی ہے کہ ذمہ دار ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔

Comments

No comments yet. Why don’t you start the discussion?

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *