
*سندھ تاجر الائنس کا پہلا بڑا اجلاس، عتیق میر کی واپسی، کراچی کی درجنوں تاجر انجمنوں کا شریف میمن کی قیادت پر اعتماد*
*(رپورٹ سٹی ایڈیٹر ڈاکٹر عبدالرحیم کراچی)*
کراچی کی تاجر سیاست میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں حالیہ اختلافات کے بعد سندھ تاجر الائنس کے پہلے بڑے اجلاس نے تاجر حلقوں میں نئی صف بندی کا واضح اشارہ دے دیا۔ اجلاس سرپرستِ اعلیٰ عتیق میر اور چیئرمین شریف میمن کی مشترکہ قیادت میں منعقد ہوا، جس میں کراچی کی درجنوں تاجر انجمنوں، مارکیٹ ایسوسی ایشنز اور مختلف کاروباری تنظیموں کے نمائندوں نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے شریف میمن کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سرپرستِ اعلیٰ سندھ تاجر الائنس عتیق میر نے کہا:
“میرے انداز سے جو لوگ کام کرتے ہیں، شریف میمن ان میں نمایاں ہیں۔ آج تاجروں کی بقا اتحاد میں ہے۔ کراچی کے حالات ماضی کے مقابلے میں زیادہ تشویشناک ہیں، اس لیے تمام تاجر تنظیموں کو اختلافات بھلا کر ایک پلیٹ فارم پر آنا ہوگا۔ اگر حق کی راہ میں جان بھی چلی جائے تو وہ شہادت ہے۔ آپ کسی بھی ایسوسی ایشن سے تعلق رکھتے ہوں، متحد ہو جائیں، یہی وقت کی ضرورت ہے۔” انہوں نے مزید کہا: “میں ایک انسٹیٹیوٹ ہوں اور شریف میمن کے ساتھ کھڑا ہوں۔”اس موقع پر چیئرمین سندھ تاجر الائنس شریف میمن نے اپنے خطاب میں کہا:
“ہم تاجروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی سو فیصد توانائیاں صرف کریں گے۔ سندھ تاجر الائنس بہت جلد کراچی اور سندھ کی سب سے بڑی، مضبوط اور مؤثر نمائندہ تاجر تنظیم بن کر سامنے آئے گی۔ آج جس اتحاد کی بنیاد رکھی گئی ہے، اس میں شامل ہر تنظیم کے حقوق کے لیے پوری قوت اور دیانت داری سے جدوجہد کریں گے۔”
اجلاس میں شریک تاجر رہنماؤں نے سندھ تاجر الائنس کے پلیٹ فارم سے تاجروں کے مسائل کے حل، مشترکہ جدوجہد، باہمی اتحاد اور کاروباری برادری کے مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام تاجر تنظیمیں اختلافات سے بالاتر ہو کر مشترکہ مفاد کے لیے متحد رہیں گی۔اجلاس میں سندھ تاجر الائنس، بولٹن مارکیٹ تاجر اتحاد ایسوسی ایشن، انجمنِ تاجران سینٹرل کراچی، آل کراچی جیولرز اینڈ مینوفیکچر ایسوسی ایشن، آرٹیفیشل جیولری مارکیٹ، صدر صرافہ زرگران ویلفیئر ایسوسی ایشن، لیاری تاجر اتحاد، کھارادر تاجر اتحاد، کھوڑی گڑھ تاجر اتحاد، موٹر سائیکل ڈیلرز ایسوسی ایشن، پاکستان ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن، آرام باغ فرنیچر مارکیٹ، کراچی آٹا چکی ایسوسی ایشن، طارق روڈ ٹریڈرز، کریم سینٹر، کلفٹن ڈیفنس تاجر اتحاد اور دیگر متعدد تاجر تنظیموں کے عہدیداران اور نمائندوں سمیت ساٹھ سے زائد ممتاز تاجر رہنماؤں نے شرکت کی۔تاجر حلقوں کے مطابق یہ اجلاس کراچی کی تاجر سیاست میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہو سکتا ہے، کیونکہ مختلف مارکیٹوں اور تاجر تنظیموں کا ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونا آئندہ دنوں میں شہر اور صوبے کی تاجر نمائندگی پر مثبت اثرات مرتب کر سکتا ہے۔ شرکاء نے امید ظاہر کی کہ سندھ تاجر الائنس تاجروں کے مسائل کے حل، حکومتی اداروں سے مؤثر رابطے اور تاجر برادری کے مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے فعال کردار ادا کرے گی۔