
کراچی: ( رپورٹ محمد حسین سومرو) 12 ربیع الاول عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں ایسٹ زون میں نکالے جانے والے جلوس سخت سیکیورٹی انتظامات میں خیروعافیت سے اختتام پذیر ہوئے۔
ڈی آئی جی ایسٹ کے احکامات کی روشنی میں فول پروف سیکیورٹی کے اقدامات کیے گئے تھے۔ ایسٹ زون آفس میں قائم کمانڈ اینڈ کنٹرول روم سے تمام جلوسوں کی لمحہ بہ لمحہ نگرانی کی گئی۔
ایسٹ زون میں نکلنے والے 198 چھوٹے بڑے جلوسوں کی سیکیورٹی کے لیے تقریباً 6,546 پولیس افسران و اہلکاروں نے فرائض انجام دیے۔
12 ربیع الاول (عید میلاد النبی ﷺ) تمام عالمِ اسلام کے لیے انتہائی بابرکت اور خوشی کا دن ہے۔ جلوسوں کے منتظمین، شرکاء اور پولیس کے باہمی تعاون اور بہترین رابطے کے نتیجے میں تمام جلوس پُرامن طور پر اختتام پذیر ہوئے۔