حیدرآباد (8 سبتمر2026)
سندھ کے صوبائی وزیر علی حسن زرداری نے آج سینٹرل جیل حیدرآباد کا دورہ کیا۔ دورے کا مقصد جیل میں قیدیوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور انتظامات کا جائزہ لینا تھا۔
دورے کے دوران صوبائی وزیر نے جیل کے کچن کا خصوصی معائنہ کیا جہاں انہوں نے صفائی ستھرائی کے انتظامات، اشیائے خوردونوش کے معیار اور کھانا پکانے کے طریقہ کار کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو سخت ہدایات جاری کیں کہ قیدیوں کو قانون کے مطابق معیاری اور متوازن خوراک کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔
علی حسن زرداری نے جیل میں قیدیوں سے ملاقات کے لیے آنے والے افراد (ملاقاتیوں) سے بھی خصوصی طور پر ملاقات کی۔ انہوں نے ملاقاتیوں سے ان کا حال احوال دریافت کیا، ان کے مسائل سنے اور جیل انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ملاقات کے عمل کو مزید شفاف اور آسان بنایا جائے تاکہ دور سے آنے والے لواحقین کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرناپڑے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ جیلیں اصلاحی ادارے ہیں اور قیدیوں کی فلاح و بہبود کے ساتھ ساتھ ان کے انسانی حقوق کا تحفظ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے جیل انتظامیہ کو ہدایت کی کہ سکیورٹی کے موثر انتظامات کے ساتھ ساتھ قیدیوں کی اصلاح اور فلاح کے لیے اقدامات کو مزید بہتر بنایا جائے
Posted inکراچی