حیدرآباد کے ترقیاتی منصوبوں پر زیر تربیت افسران کو بریفنگ
حیدرآباد، 8 ستمبر ( )، سیکریٹریٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ (STI) اسلام آباد کے زیر تربیت افسران کے وفد نے حیدرآباد کا دورہ کیا، جہاں شہباز ہال میں منعقدہ تقریب کے دوران کمشنر حیدرآباد ڈویژن فیاض حسین عباسی اور ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین میمن نے افسران کو شہر کے حالیہ مکمل ہونے والے اور زیر تعمیر فلیگ شپ ترقیاتی منصوبوں، شہری انفراسٹرکچر اور انتظامی امور کے حوالے سے بریفنگ دی۔
کمشنر حیدرآباد فیاض حسین عباسی نے شہر کے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بتایا کہ مختلف منصوبے متعلقہ محکموں اور اداروں کی ذمہ داریوں کے مطابق مکمل کیے جاتے ہیں، جبکہ بڑے منصوبوں میں ضلعی انتظامیہ، لوکل گورنمنٹ اور دیگر متعلقہ ادارے اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی منصوبہ بندی میں شہریوں اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت کو بھی اہمیت دی جاتی ہے تاکہ عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے مؤثر منصوبہ بندی کی جاسکے۔
ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین میمن نے افسران کو آٹوبھان روڈ، سحرش نگر بائی پاس، حسن علی آفندی پارک اور نیاز اسٹیڈیم سمیت مکمل ہونے والے منصوبوں جبکہ آٹوبھان روڈ فیز-II، شہباز فلائی اوور تا لطیف آباد نمبر 7 ڈوئل روڈ، علمدار چوک تا سابق این ایچ-5 روڈ، شہید محترمہ بینظیر بھٹو فلائی اوور اور پھلیلی پل تا کالی موری منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی آگاہی دی۔
انہوں نے شہری خوبصورتی، تاریخی و ثقافتی عمارتوں اور خستہ حال یادگاروں کی بحالی سمیت سول ہسپتال کی منتقلی کے مجوزہ منصوبے سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد میں صاف پانی کی فراہمی کے لیے موجود واٹر فلٹریشن پلانٹس کو مزید بہتر بنانے اور نئے فلٹر پلانٹس کی تنصیب پر بھی کام جاری ہے۔
دوران بریفنگ زیر تربیت افسران نے صاف پانی کی فراہمی، ترقیاتی منصوبوں کی شناخت و ترجیحات، منصوبوں کی نگرانی اور شہری ضروریات سمیت مختلف امور سے متعلق سوالات کیے، جن کے کمشنر حیدرآباد فیاض حسین عباسی اور ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین میمن نے تفصیلی جوابات دیے۔
تقریب کے اختتام پر وفد کے نمائندے کو یادگاری شیلڈ، افسران نمائندے کی جانب سے کمشنر حیدرآباد کو یادگار شیلڈ سمیت دیگر زیر تربیت افسران کو ڈویژنل ڈائریکٹوریٹ کمشنر حیدرآباد کی جانب سے سندھی ثقافتی لونگیاں بطور تحفہ پیش کی گئیں۔