
ایس آئی یو / سی آئی اے کی بڑی کارروائی، میمن گوٹھ سے دو خواتین منشیات فروش گرفتار
کراچی:( رپورٹ:محمد حسین سومرو) اسپیشل انویسٹیگیشن یونٹ (ایس آئی یو) / سی آئی اے نے منشیات فروشوں کے خلاف اہم کارروائی کرتے ہوئے میمن گوٹھ کے علاقے سے دو خواتین منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیا۔
ایس ایس پی ایس آئی یو کے مطابق گرفتار ملزمات کے قبضے سے 920 گرام آئس برآمد کی گئی۔ گرفتار خواتین کی شناخت اقراء اور زربانو کے نام سے ہوئی ہے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمات بلوچستان سے منشیات لا کر کراچی سمیت دیگر شہروں میں سپلائی کرتی تھیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمات کے رشتہ دار اور خاندان کے دیگر افراد بھی منشیات فروشی کے نیٹ ورک میں ملوث پائے گئے ہیں۔
مزید بتایا گیا ہے کہ گرفتار ملزمات کا سابقہ مجرمانہ ریکارڈ حاصل کیا جا رہا ہے، جبکہ گرفتار ملزمات اور ان کے مفرور ساتھیوں کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ مزید تفتیش جاری ہے۔
