ٹاسک فورس کی تھانہ سٹی کی حدود میں کارروائی، بھاری مقدار میں خام مال اور تیار شدہ مین پوری برآمد
*ڈی آئی جی حیدرآباد رینج طارق رزاق خان دھاریجو اور ایس ایس پی حیدرآباد شاہزیب چاچڑ* کی ہدایات پر سربراہ ٹاسک فورس زین رضا بلوچ نے اپنی ٹیم اور ایس ایچ او سٹی انسپکٹر طاہر مغل کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے مین پوری کے خام مال اور تیار شدہ مین پوری کی سپلائی ناکام بنا دی۔
ٹاسک فورس نے کھوکھر محلہ فرنیچر مارکیٹ کے قریب خفیہ اطلاع پر کارروائی کی، تاہم پولیس کو دیکھتے ہی مین پوری کے دو سپلائرز عبدالرشید عرف اچھو اور عمیر کالا موقع سے فرار ہوگئے۔
کارروائی کے دوران پولیس نے 730 عدد تیار شدہ مین پوری، 96 کلو خام مال، 8 پیکٹ ریپرز سمیت مین پوری کی تیاری میں استعمال ہونے والا دیگر سامان برآمد کرلیا۔
پولیس کی جانب سے فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔فرار ملزمان کے خلاف کرائم نمبر 176/2026 زیرِ دفعہ 8 گٹکا و مین پوری ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔