حیدرآباد پریس کلب کے وفد کی چیمبر آمد، نو منتخب صدر ندیم احمد صدیقی و دیگر عہدیداران کو مبارکباد،صحافتی و تجارتی حلقوں کے درمیان روابط مضبوط بنانے پر زور

حیدرآباد پریس کلب کے وفد کی چیمبر آمد، نو منتخب صدر ندیم احمد صدیقی و دیگر عہدیداران کو مبارکباد،
صحافتی و تجارتی حلقوں کے درمیان روابط مضبوط بنانے پر زور

حیدرآباد (	) حیدرآباد پریس کلب کے سیکریٹری اشوک شرما کی سربراہی میں وفد نے حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے سیکریٹریٹ کا دورہ کیا اور نو منتخب صدر ندیم احمد صدیقی، سینئر نائب صدر محمد فہد میاں، نائب صدر عرفان عاربیانی اور دیگر عہدیداران کو مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وفد میں خازن اکرم شاہد، گورننگ باڈی کے اراکین حمید الرحمان، جاوید علی، ظفر ہکڑو، سہیل انصاری اور انور چانڈیو شامل تھے۔اس موقع پر سیکریٹری حیدرآباد پریس کلب اشوک شرما نے کہا کہ پریس کلب اور چیمبر دونوں شہر کے اہم ادارے ہیں، جن کا مشترکہ مقصد حیدرآباد کی ترقی، عوامی مسائل کی نشاندہی اور ان کے حل کے لیے مثبت کردار ادا کرنا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ چیمبر کی نئی قیادت کے ساتھ صحافتی و تجارتی حلقوں کے روابط مزید مستحکم ہوں گے اور شہر کے بنیادی مسائل کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کے لیے باہمی تعاون کو فروغ ملے گا۔صدر چیمبر ندیم احمد صدیقی نے حیدرآباد پریس کلب کے وفد کی آمد اور نیک تمناؤں پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آزاد، ذمہ دار اور مثبت صحافت شہر کے مسائل کو اجاگر کرنے اور متعلقہ اداروں کو ان کے حل کی جانب متوجہ کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد چیمبر تاجر برادری کے مسائل کے حل، شہری سہولیات کی بہتری اور کاروبار دوست ماحول کے فروغ کے لیے کوشاں ہے۔ اس مقصد کے لیے صحافتی اداروں سمیت تمام متعلقہ حلقوں کے ساتھ مؤثر رابطے اور تعاون کو اہمیت دی جائے گی۔

Comments

No comments yet. Why don’t you start the discussion?

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *