یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر حیدرآباد میں ریلی، کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی

یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر حیدرآباد میں ریلی، کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی

حیدرآباد: 27 اکتوبر ( )، یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر ضلعی انتظامیہ حیدرآباد کے زیر اہتمام ڈپٹی کمشنر کمپلیکس سے ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین میمن نے کی۔ ریلی میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر مہوش برڑو، مختلف سرکاری محکموں کے افسران، ٹاؤن چیئرمینز، سماجی تنظیموں کے نمائندوں، خصوصی افراد کی تنظیموں اور اسکولوں کے طلبہ و طالبات نے بھرپور شرکت کی۔ صبح 10 بجے شرکاء نے کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔ شرکاء نے کشمیر کے حق میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور ’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ کے نعرے لگائے۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر زین العابدین میمن نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947ء کشمیری عوام کی تاریخ کا سیاہ دن ہے، جب بھارتی افواج نے جموں و کشمیر میں داخل ہو کر قبضہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کئی دہائیوں سے ظلم، جبر اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سامنا کر رہے ہیں، لیکن ان کا جذبۂ آزادی اور حق خودارادیت کا عزم آج بھی برقرار ہے۔

انہوں نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو حق خودارادیت دلانے کے لیے مؤثر کردار ادا کریں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پاکستانی قوم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ مسئلہ کشمیر کا پرامن اور منصفانہ حل خطے میں پائیدار امن کے لیے ناگزیر ہے۔

Comments

No comments yet. Why don’t you start the discussion?

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *