سیشن 2026-2027 کے لیے اسلامی جمعیت طالبات پاکستان کے نئے نظم کا اعلان۔
کھاریاں (شاہد بیگ سے) پاکستان میں طالبات کی واحد نمائندہ تنظیم، اسلامی جمعیت طالبات پاکستان نے اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوۓ اس سال بھی سالانہ اجتماع براۓ ارکان و امیدواران میں اپنے نۓ نظم کا انتخاب کیا۔ 16, 17 اور 18 جنوری کو مرکز طالبات، منصورہ میں ہونے والے انتخابات میں اراکین جمعیت نے کثرت راۓ سے کراچی سے محترمہ حلیمہ سعدیہ کو ناظمہ اعلیٰ منتخب کیا ہے۔ مرکزی مجلس شوریٰ سے مشورے کے بعد ناظمہ اعلیٰ نے راولپنڈی سے محترمہ مسفرہ فرحین کو معتمدہ عام ، لاہور سے محترمہ رحاب عنبر کو معاون معتمدہ عام اور کشمیر سے محترمہ امامہ بابر کو معاون خصوصی مقرر کیا۔
استصواب کی روشنی میں محترمہ عربا نعیم ناظمہ صوبہ شمالی پنجاب، محترمہ اریبہ فاطمہ ناظمہ صوبہ جنوبی پنجاب، محترمہ آمنہ صدیقی ناظمہ صوبہ سندھ، محترمہ تابندہ سحر ناظمہ صوبہ خیبر، محترمہ انعم یونس ناظمہ کشمیر اور محترمہ سمیہ رفیع نگران بلوچستان مقرر کی گئیں۔
اجتماع کے اختتام پر نو منتخب ناظمہ اعلیٰ نے ارکان سے خطاب کرتے ہوۓ کہا کہ اپنا تعلق باللہ مضبوط کریں۔ جتنا آپ اپنے رب سے قریب ہوں گے اتنا ہی آپ اپنے کاموں کو بخوبی انجام دے سکیں گے۔ اپنی صلاحیتوں کو راہ خدا میں بہترین طریقے سے استعمال کریں۔
اجتماع سے امیر جماعت اسلامی پاکستان، محترم حافظ نعیم الرحمن اور قیمہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان محترمہ حمیرا طارق نے بھی خطاب کیا اور نۓ نظم کو استقامت کی دعاؤں سے نوازا۔
