سندھ بھر کے نجی اسکولوں میں آتشزدگی کے واقعات کے پیشِ نظر حکومتِ سندھ نے فائر سیفٹی اور حفاظتی اقدامات پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت
(رپورٹ سٹی اڈیٹر ڈاکٹر عبدالرحیم کراچی)
سندھ بھر کے نجی اسکولوں میں آتشزدگی کے واقعات کے پیشِ نظر حکومتِ سندھ نے فائر سیفٹی اور حفاظتی اقدامات پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت جاری کر دی ہے ۔ ڈائریکٹوریٹ آف انسپیکشن اینڈ رجسٹریشن آف پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز، محکمہ اسکول ایجوکیشن اینڈ لٹریسی سندھ کی ایڈیشنل ڈائریکٹر پروفیسر رفیعہ ملاح کی جانب سے جاری کردہ سرکاری مراسلے کے مطابق تمام نجی اسکولوں کو فوری طور پر جامع فائر سیفٹی پروٹوکولز نافذ کرنا ہوں گے ۔مراسلے میں کہا گیا کہ تمام اسکول عمارتوں میں فعال فائر الارمز، اسموک ڈیٹیکٹرز اور فائر ایکسٹنگوئشرز کی تنصیب ہر فلور پر لازمی ہوگی جبکہ ان آلات کی باقاعدہ جانچ، سروسنگ اور دیکھ بھال کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔ ہنگامی اخراج کے راستے اور سیڑھیاں ہر وقت کھلی رہیں گی جنہیں نمایاں طور پر نشان زدہ اور رکاوٹوں سے پاک رکھنا لازم قرار دیا گیا ہے ۔مراسلے کے مطابق اسکولوں میں بجلی کی وائرنگ، لیبارٹریز، کچن، جنریٹر رومز اور دیگر حساس مقامات کا وقتاً فوقتاً معائنہ مستند ماہرین سے کروانا ہوگا تاکہ آگ اور برقی حادثات کے خدشات کم کیے جا سکیں۔
