
سرگودھا
معرکۂ حق اور آپریشن بنیان المرصوص کی تاریخی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر سینئر سٹیزن فاؤنڈیشن سرگودھا کے زیر اہتمام چیئرمین عبد القدیر خان کی زیر صدارت فاؤنڈیشن کے دفتر میں افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں فاؤنڈیشن کے عہدیداران اور ممبران نے بھرپور شرکت کی اور پاک افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، قربانیوں اور قومی سلامتی کے لیے ان کی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
سینئر وائس چیئرمین کوثر علی بھٹی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افواجِ پاکستان نے دشمن کے تمام ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے اور اپنی جرات، بہادری اور حکمتِ عملی سے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔
سابقہ ڈائریکٹر شرافت علی نے کہا کہ پاک فوج نے دشمن کے غرور کو خاک میں ملا کر یہ ثابت کر دیا کہ وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے پوری قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
دیگر مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ زندہ قومیں اپنے تاریخی لمحات کو ہمیشہ یاد رکھتی ہیں اور اپنی بہادر افواج کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرتیں۔ انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان ملک کی سلامتی، خودمختاری اور استحکام کی ضامن ہیں۔
اجلاس کے اختتام پر شرکاء نے “پاک فوج زندہ باد”، “پاک فضائیہ پائندہ باد” اور “پاکستان زندہ باد” کے فلک شگاف نعرے لگائے اور ملکی سلامتی، ترقی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
