
ڈپٹی کمشنر سرگودھا کی زیر صدارت محکمہ صحت کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس، عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت سرگودھا ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدھری کی زیر صدارت محکمہ صحت کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر کاشف نبیل اعظم ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر شہزاد گل سمیت محکمہ صحت کے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ سرکاری ہسپتالوں اور مراکز صحت میں عوام کو بہترین اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اور دیگر عملے کی حاضری، ادویات کی دستیابی اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کی مسلسل نگرانی کی تاکید کی۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ نے ڈپٹی کمشنر کو مریم نواز ہیلتھ کلینکس، ڈیجیٹل ہیلتھ ایپلی کیشنز، جاری ترقیاتی پروگرامز اور محکمہ صحت کی مجموعی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے نئے تجویز کردہ منصوبوں، ری ویمپنگ پروگرام، صحت کے مراکز میں سہولیات کی بہتری اور دیگر جاری اقدامات سے متعلق تفصیلات حاصل کیں۔ انہیں بتایا گیا کہ ضلع بھر میں آر ایچ سیز اور مریم نواز ہیلتھ کلینکس کے ذریعے شہریوں کو طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام سرکاری ہسپتالوں میں صفائی ستھرائی، طبی آلات کی فعالیت اور مریضوں کے لیے سازگار ماحول کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق صحت عامہ کے شعبے میں بہتری اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔