حیدر آباد*عید میلادالنبی ﷺ 1448ھ کے موقع پر حیدرآباد پولیس کا جامع سیکیورٹی پلان مرتب*
عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر ضلع حیدرآباد میں مذہبی اجتماعات، جلسوں، جلوسوں، ریلیوں اور دیگر تقریبات کے لیے ایس ایس پی حیدرآباد شاہزیب چاچڑ کی سربراہی میں جامع اور مؤثر سیکیورٹی پلان مرتب کر لیا گیا ہے۔
یکم ربیع الاول سے ضلع بھر میں جشن عید میلادالنبی ﷺ کے سلسلے میں ریلیاں، مذہبی اجتماعات اور محافلِ ذکر و نعت عقیدت و احترام کے ساتھ جاری ہیں، جن کے لیے حیدرآباد پولیس کی جانب سے بھرپور سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔
11 ربیع الاول کے موقع پر ضلع بھر میں 42 جلسے، جلوس اور محافلِ ذکر و نعت منعقد ہوں گی، جبکہ مختلف مقامات پر چراغاں بھی کیا جائے گا۔
چراغاں کے لیے پنیاری، پھلیلی، سخی پیر، سٹی، اے سیکشن اور فورٹ تھانوں کی حدود میں خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
ضلع بھر میں 25 مقامات پر محافلِ ذکر و نعت، 12 چھوٹی بڑی ریلیاں جبکہ بعض مقامات پر زیارت و تبرکات اور ماڈلز کی نمائش بھی کی جائے گی۔
5 بڑے مقامات پر خصوصی محافلِ ذکر و نعت
– باغِ مصطفیٰ گراؤنڈ
– علامہ اقبال گراؤنڈ
– پکا قلعہ گراؤنڈ
– حسینی چوک پریٹ آباد
– ٹاؤن ہال ٹنڈو جام
3 بڑی ریلیاں
1. پاکستان سنی تحریک کی جانب سے حیدر چوک سے ریلی نکالی جائے گی۔
2. صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر، جے یو پی کی جانب سے پھلیلی ٹانگہ اسٹیشن سے ریلی نکالی جائے گی۔
3. محمد مسجد، بوہری جماعت خانہ سے ریلی نکالی جائے گی۔
4. انجمن فدایان پاکستان اویس نورانی گروپ کی جانب سے مدینہ مسجد سے مشعل بردار ریلی نکالی جائیگی
12 ربیع الاول کے موقع پر ضلع بھر میں مختلف مقامات پر پرچم کشائی اور مٹھائی تقسیم کی جائے گی، جس کے بعد مختلف علاقوں سے نکلنے والی ریلیاں مارکیٹ ٹاور چوک پہنچیں گی اور تلک چاڑی سے ہوتی ہوئی اسٹیشن روڈ پر داخل ہوں گی، جہاں مرکزی خطاب اور دعا کا اہتمام کیا جائے گا۔
لطیف آباد، پریٹ آباد اور دیگر علاقوں میں حسبِ روایت چراغاں کے خصوصی انتظامات بھی کیے جائیں گے۔
1,800 سے زائد پولیس افسران و جوان سیکیورٹی پر مامور
مرکزی جلسوں، جلوسوں اور ریلیوں کی سیکیورٹی کے لیے 1,800 سے زائد پولیس افسران و جوان تعینات کیے جائیں گے، جبکہ شہر کے اہم مقامات، چوکوں اور حساس مقامات پر بھی اضافی پولیس نفری تعینات رہے گی۔
سینٹ میری چوک، امریکن سینٹر، چھوٹی گھٹی چوک اور حیدر چوک سمیت 4 اہم مقامات پر پولیس ریزرو بھی تعینات کی جائے گی۔
سیف سٹی سمیت جدید کیمروں کے ذریعے مسلسل نگرانی
عید میلادالنبی ﷺ کے تمام اہم پروگرامز، جلوسوں کے روٹس، مرکزی مقامات اور حساس پوائنٹس کی سیف سٹی پروجیکٹ سمیت دیگر نصب شدہ جدید سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مسلسل نگرانی کی جائے گی۔
کیمروں سے حاصل ہونے والی مانیٹرنگ کی نگرانی اعلیٰ پولیس افسران خود براہِ راست کریں گے، جبکہ مرکزی مقامات اور اہم روٹس کی صورتحال پر لمحہ بہ لمحہ نظر رکھتے ہوئے کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری پولیس رسپانس کو یقینی بنایا جائے گا۔
تمام ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز اگلے احکامات تک وقفہ وقفہ سے ہوٹلز، گیسٹ ہاؤسز، ریلوے اسٹیشنز، بس اڈوں، شہر کے داخلی و خارجی راستوں اور حساس و مشکوک مقامات پر سرچ آپریشنز جاری رکھیں گے۔
غیر ملکی اور مشکوک افراد کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی جائے گی، جبکہ اپنی اپنی حدود میں کسی بھی قسم کی اشتعال انگیز تقریر، نفرت انگیز مواد یا امن و امان میں خلل ڈالنے کی کوشش کے خلاف بلاامتیاز فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔