

*سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام میں سندھ زرعی یونیورسٹی اور سندھ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے زیر اہتمام سندھ یونیورسٹی اسپورٹس اسپرٹ فیسٹیول 2026 کا باقاعدہ آغاز ہوگیا*
ٹنڈوجام (پ ر) سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام میں سندھ زرعی یونیورسٹی اور سندھ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے زیر اہتمام سندھ یونیورسٹی اسپورٹس اسپرٹ فیسٹیول 2026 کا باقاعدہ آغاز ہوگیا۔ وائس چانسلر سندھ زرعی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر الطاف علی سیال نے پرچم کشائی اور ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں فیسٹیول کے فوکل پرسن وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر الطاف علی سیال، ڈاکٹر محمد اسماعیل کنبھر، ڈائریکٹر اسپورٹس شوکت علی سانگی، اسپورٹس ایڈوائزر انوار حسین خانزادہ اور دیگر اساتذہ و طلبہ نے شرکت کی۔فیسٹیول میں یونیورسٹی کے مختلف فیکلٹیز اور شعبہ جات کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ فیسٹیول 8 اکتوبر تک جاری رہے گا، جس کے دوران کرکٹ، فٹ بال، والی بال، ہاکی، کک باکسنگ، باسکٹ بال، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، شطرنج اور ایتھلیٹکس کے مقابلوں کے علاوہ مباحثہ، موسیقی، ڈرامہ، فوٹوگرافی، شارٹ فلم، مشاعرہ، سائنسی و ٹیکنالوجی نمائش اور اسٹارٹ اپ نمائش سمیت مختلف علمی، ثقافتی اور مقابلہ جاتی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر الطاف علی سیال نے کہا کہ جامعات میں کھیلوں اور ہم نصابی سرگرمیوں کا فروغ طلبہ کی شخصیت سازی اور ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے نہایت اہم ہے۔ سندھ زرعی یونیورسٹی طلبہ کو تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ کھیلوں، ثقافت اور تخلیقی سرگرمیوں کے لیے بھی سازگار ماحول فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسپورٹس اسپرٹ فیسٹیول کا مقصد طلبہ کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ مختلف شعبہ جات کے طلبہ کے درمیان باہمی رابطے، بھائی چارے اور صحت مند مقابلے کے رجحان کو فروغ دینا ہے۔دوسری جانب افتتاحی ٹی 20 کرکٹ میچ ایف اے ایس ایس اور ایف سی پی ڈی کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا، جس میں ایف اے ایس ایس نے 56 رنز سے کامیابی حاصل کی۔ ایف اے ایس ایس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 155 رنز بنائے، جبکہ جواب میں ایف سی پی ڈی کی پوری ٹیم 18 اوورز میں 99 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ ایف اے ایس ایس کے کھلاڑی یاسر نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 42 رنز اسکور کیے اور اپنی ٹیم کی کامیابی میں نمایاں کردار ادا کیا۔