
مختلف تاجر تنظیموں کے نمائندہ وفد کی حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کی نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد
حیدرآباد سابق نائب صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری عدیل احمد صدیقی کی قیادت میں مختلف تاجر تنظیموں کے نمائندہ وفد نے حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کا دورہ کیا اور نو منتخب صدر ندیم احمد صدیقی، سینئر نائب صدر محمد فہد میاں اور نائب صدر عرفان عاربیانی سے ملاقات کرکے انہیں کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔اس موقع پر صدر چیمبر ندیم احمد صدیقی نے کہا کہ حیدرآباد میں صنعتی و کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور چھوٹے تاجروں و دکانداروں کے مسائل کے حل کے لیے بھرپور کردار ادا کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ انڈسٹری ترقی کرے گی تو شہر میں ہر طرح کے کاروبار کو وسعت ملے گی۔ ہماری کوشش ہوگی کہ حیدرآباد کا ہر تاجر، دکاندار اور صنعتکار خود کو چیمبر کی آواز اور چیمبر کو اپنی آواز سمجھے، اسی باہمی اعتماد اور تعاون کے ذریعے شہر کی کاروباری ترقی کو آگے بڑھایا جائے گا۔،وفد کے ارکان نے نو منتخب عہدیداران کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد چیمبر تاجر و کاروباری برادری کی مؤثر نمائندگی کا اہم پلیٹ فارم ہے اور شہر کی تاجر برادری چیمبر کی نئی قیادت سے بڑی امیدیں وابستہ رکھتی ہے۔ انہوں نے کاروباری مسائل کے حل اور حیدرآباد کی معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے چیمبر کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔اس موقع پر انجمنِ تاجران صدر بازار، آباد، انجمنِ ریشم بازار، انجمنِ تاجران کلاتھ مارکیٹ حیدرآباد، لطیف آباد بزنس فورم، شمع کمرشل ایسوسی ایشن، حیدرآباد آئرن اینڈ اسٹیل مارکیٹ، لیدر اینڈ شوز یونین، گاڑی کھاتہ موٹر سائیکل ایسوسی ایشن، چاندنی موبائل مارکیٹ اور دیگر تاجر تنظیموں کے عہدیداران نے شرکت کی اور حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔