حیدرآباد میں کتوں کے کاٹنے کے بڑھتے واقعات پر اجلاس، مربوط اقدامات اور مؤثر نگرانی پر زور
حیدرآباد، ( )، ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین میمن کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر کمپلیکس میں ضلع میں کتوں کے کاٹنے کے بڑھتے واقعات، انسداد ریبیز اقدامات اور آوارہ کتوں کی بڑھتی تعداد کے تدارک کے حوالے سے بین المحکماتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈی ایچ او حیدرآباد ڈاکٹر پیر غلام حسین، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر مہوش برڑو سمیت محکمہ صحت، بلدیات، لائیو اسٹاک و اینیمل ہسبنڈری، پولیس، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، محکمہ تعلیم اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں ڈی ایچ او حیدرآباد کی ٹیم نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع میں کتوں کے کاٹنے کے واقعات میں گزشتہ سال کے مقابلے میں کیسز میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ سول ہسپتال حیدرآباد سمیت 9 صحت مراکز میں اینٹی ریبیز ویکسین اور آر آئی جی ویکسینیشن 24 گھنٹے دستیاب ہے۔
ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین میمن نے آوارہ کتوں کی بڑھتی تعداد کو ایک سنگین عوامی صحت کا مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے تدارک کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو مربوط اور مستقل اقدامات کرنا ہوں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کتے کے کاٹنے کے ہر کیس میں طبی ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد، زخم کی فوری صفائی اور اینٹی ریبیز ویکسین کا بروقت اور مکمل کورس یقینی بنایا جائے، جبکہ علاج معالجے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ریبیز کی علامات ظاہر ہونے کے بعد یہ مرض مہلک ثابت ہوسکتا ہے، اس لیے بروقت طبی امداد اور عوامی آگاہی انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے بلدیاتی اداروں اور دیگر متعلقہ محکموں کو آوارہ کتوں کی تعداد پر قابو پانے اور شہریوں کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کی ہدایت کی۔
ڈی ایچ او حیدرآباد ڈاکٹر پیر غلام حسین نے بتایا کہ جولائی سے ستمبر کے دوران کتوں کی افزائش کے موسم کے باعث کتے کے کاٹنے کے واقعات میں اضافہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کتے کے کاٹنے کی صورت میں زخم کو صابن اور پانی سے 15 منٹ تک اچھی طرح دھونا اور متاثرہ شخص کو فوری طور پر اینٹی ریبیز مرکز پہنچانا ضروری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ صحت کی جانب سے حالیہ عرصے میں 400 سے زائد آگاہی سیشنز منعقد کیے گئے ہیں۔
اجلاس میں محکمہ صحت، لائیو اسٹاک، بلدیاتی اداروں، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، محکمہ تعلیم، پولیس اور سول سوسائٹی کے درمیان مربوط حکمت عملی کے ذریعے مسئلے سے نمٹنے پر زور دیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر حیدرآباد نے ضلع کے تمام 9 اینٹی ریبیز مراکز کی باقاعدگی سے نگرانی یقینی بنانے اور علاج کے مقررہ طریقۂ کار پر عملدرآمد کی ہدایت کی۔ انہوں نے ہر دو ہفتے بعد جائزہ اجلاس منعقد کرنے اور آئندہ اجلاس میں تمام متعلقہ افسران کو اپنی کارکردگی اور پیش رفت کی رپورٹ کے ساتھ شرکت کرنے کی ہدایت بھی کی۔