محکمہ اطلاعات حکومت سندھ حیدرآباد
حیدرآباد میں کتوں کے کاٹنے کے واقعات اور بچاؤ کے اقدامات کا جائزہ، مؤثر حکمت عملی پر زور
حیدرآباد: 15 اکتوبر ( )، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر حیدرآباد ڈاکٹر پیر غلام حسین اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر-II مہوش اعجاز کی مشترکہ صدارت میں ضلعی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع میں کتوں کے کاٹنے کے واقعات کا جائزہ لیا گیا اور ان کی روک تھام کے لیے اقدامات پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں متاثرہ افراد کو بروقت طبی امداد کی فراہمی، مقررہ صحت مراکز پر اینٹی ریبیز ویکسین اور امیونوگلوبیولن کی دستیابی یقینی بنانے اور کتے کے کاٹنے کی صورت میں زخم کو فوری طور پر صابن اور بہتے پانی سے دھونے کے حوالے سے عوامی آگاہی بڑھانے پر زور دیا گیا۔
اجلاس میں محکمہ صحت، بلدیاتی اداروں، لائیو اسٹاک اور دیگر متعلقہ محکموں کے درمیان رابطہ کاری مؤثر بنانے، واقعات کی بروقت رپورٹنگ اور نگرانی کے نظام کو بہتر کرنے پر بھی زور دیا گیا تاکہ کتوں کے کاٹنے کے واقعات میں کمی اور ریبیز سے بچاؤ کو یقینی بنایا جا سکے۔
اجلاس کے شرکاء نے عوامی صحت کے تحفظ کے لیے مشترکہ اقدامات، مسلسل نگرانی اور مؤثر آگاہی مہم جاری رکھنے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔