حیدرآباد میں ہوٹلنگ اور ریسٹورنٹ کاروبار کے لیے گیس کی فراہمی کا دورانیہ بڑھایا جائے

حیدرآباد میں ہوٹلنگ اور ریسٹورنٹ کاروبار کے لیے گیس کی فراہمی کا دورانیہ بڑھایا جائے،
ایل این جی کی قیمتوں پر حکومتی چیک اینڈ بیلنس ضروری ہے، صدرحیدرآباد چیمبر ندیم احمد صدیقی
حیدرآباد ( ) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر ندیم احمد صدیقی نے کہا ہے کہ حیدرآباد میں ہوٹلنگ اور ریسٹورنٹ کے کاروبار کو گیس کی محدود فراہمی اور ایل این جی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے گیس کی فراہمی کا دورانیہ کاروباری ضروریات کے لیے ناکافی ہے، جبکہ بعض کاروباری افراد کے مطابق انہیں روزانہ بمشکل چھ گھنٹے گیس دستیاب ہو رہی ہے۔ دوسری جانب ایل این جی کی فراہمی میں بھی مشکلات پیش آ رہی ہیں اور کاروباری حلقوں کی شکایات کے مطابق اسے مقررہ نرخوں سے کہیں زیادہ قیمت پر حاصل کرنا پڑ رہا ہے، جس پر مؤثر نگرانی اور چیک اینڈ بیلنس کی ضرورت ہے۔صدر چیمبر نے کہا کہ گیس کی محدود فراہمی کے ساتھ ایل این جی کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ بھی ہوٹلنگ اور ریسٹورنٹ کے کاروبار پر اضافی مالی دباؤ ڈال رہا ہے۔صدر چیمبر ندیم احمد صدیقی نے ان خیالات کا اظہارحاجی محفوظ شیرمال کے روحِ رواں اور چیمبر کے سینئر نائب صدر محمد فہد میاں کی دعوت پر لطیف آباد، حیدرآباد میں دہلی محفوظ شیرمال کے افتتاح کے موقع پر کیا، جہاں وہ وفد کے ہمراہ مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ توانائی کے اخراجات میں اضافے اور گیس کی محدود دستیابی کے باعث کاروباری اداروں کے لیے اخراجات پورے کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ حکومت اور متعلقہ اداروں کو چاہیے کہ ہوٹلنگ و ریسٹورنٹ سیکٹر کے لیے گیس کی فراہمی کا دورانیہ بڑھانے، ایل این جی کی دستیابی یقینی بنانے اور قیمتوں و فروخت کے نظام پر مؤثر نگرانی کے لیے فوری اقدامات کریں۔صدر چیمبر نے مطالبہ کیا کہ سوئی سدرن گیس کمپنی ہوٹلوں، ریسٹورنٹس اور دیگر متعلقہ کاروباروں کو گیس کی فراہمی میں خصوصی رعایت دے اور انہیں روزانہ کم از کم 16 گھنٹے گیس فراہم کرنے کے لیے مناسب شیڈول مرتب کرے۔۔ندیم احمد صدیقی نے حیدرآباد میں کاروباری سرگرمیوں کے پھیلاؤ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ کاروبار اور صنعت کا پہیہ چلتا رہے گا تو ملکی معیشت بھی مستحکم ہوگی۔ انہوں نے مقامی کاروباروں کی ترقی اور تاجروں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے چیمبر کے تعاون کا یقین دلایا۔تقریب میں چیمبر کے نائب صدر عرفان عاربیانی، سابق صدور، ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین اور سینئر ممبران کے علاوہ حیدرآباد کے سیاسی و سماجی اور کاروباری رہنماؤں اور دیگر معززین نے شرکت کی۔

Comments

No comments yet. Why don’t you start the discussion?

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *