اسلامی بینکاری کے فروغ کے لیے اسٹیٹ بینک، چیمبر اور اسلامی بینکوں کے درمیان مؤثر رابطہ ضروری ہے، تاجروں اور صنعتکاروں کو اسلامی بینکاری کی سہولتوں سے بھرپور استفادہ کرنا چاہیے

اسلامی بینکاری کے فروغ کے لیے اسٹیٹ بینک، چیمبر اور اسلامی بینکوں کے درمیان مؤثر رابطہ ضروری ہے، تاجروں اور صنعتکاروں کو اسلامی بینکاری کی سہولتوں سے بھرپور استفادہ کرنا چاہیے، صدر حیدرآباد چیمبر ندیم احمد صدیقی
اسلامی بینکاری میں سود کے بجائے تجارت، اثاثوں اور شریعت کے مطابق مالیاتی معاہدوں کو بنیاد بنایا جاتا ہے،
مفتی شیخ سفیان، شریعہ اسکالر فیصل بینک
حیدرآباد ( ) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر ندیم احمد صدیقی نے کہا ہے کہ کاروباری برادری کی ترقی، مالیاتی سہولتوں تک بہتر رسائی اور اسلامی بینکاری کے فروغ کے لیے چیمبر، اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور اسلامی بینکوں کے درمیان مضبوط اور مؤثر رابطہ ناگزیر ہے۔ انہوں نے تاجروں اور صنعتکاروں پر زور دیا کہ وہ اسلامی بینکوں کی جانب سے فراہم کردہ سہولتوں سے بھرپور استفادہ کریں اور اپنے کاروبار کو مستحکم و وسعت دینے کے لیے اسلامی بینکاری کے اصولوں اور طریقہ کار سے آگاہی حاصل کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اشتراک سے حیدرآباد چیمبر کے سیکریٹریٹ میں منعقدہ آگاہی سیشن ”Mythe vs. Facts: How Islamic Banks Operate“ سے اپنے استقبالیہ خطاب میں کیا۔اس موقع پر فیصل بینک کے شریعہ اسکالر مفتی شیخ سفیان نے اسلامی بینکاری کے بنیادی اصولوں، طریقہ کار اور مختلف مالیاتی مصنوعات پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے روایتی کمرشل بینکاری اور اسلامی بینکاری کے درمیان بنیادی فرق واضح کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اسلامی بینکاری سود سے اجتناب، شریعت کے مطابق معاہدوں، تجارت، اثاثوں اور حقیقی معاشی سرگرمیوں کی بنیاد پر مالیاتی سہولتیں فراہم کرتی ہے، جبکہ روایتی بینکاری میں قرض پر سود بنیادی عنصر ہوتا ہے۔ انہوں نے اسلامی بینکاری کے مختلف طریقہ ہائے مالیات اور ان کے عملی اطلاق کو بھی مثالوں کے ذریعے سمجھایا۔ڈپٹی چیف منیجر اسٹیٹ بینک آف پاکستان حیدرآباد، خادم حسین کھوکھر نے اپنے خطاب میں حکومت کے اسلامی بینکاری کے فروغ سے متعلق وژن اور پالیسی اقدامات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی بینکاری کے فروغ اور کاروباری برادری میں اس حوالے سے شعور اجاگر کرنے کے لیے مزید آگاہی سیشنز منعقد کیے جائیں گے، جن میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (SMEs)، تاجروں اور صنعتکاروں کو خصوصی طور پر شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے اسٹیٹ بینک کے ساتھ تعاون اور سیشن کے انعقاد میں حیدرآباد چیمبر کے کردار کو سراہا۔فیصل بینک کے ریجنل جنرل منیجر عامر علی خان نے کاروباری برادری کو فیصل بینک کی مختلف بینکاری سہولتوں اور خدمات سے استفادہ کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ بینک تاجروں اور صنعتکاروں کے کاروبار کو ترقی دینے، مالیاتی ضروریات پوری کرنے اور کاروباری سرگرمیوں کو وسعت دینے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔سیشن میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اسسٹنٹ ڈائریکٹرز سبغت اللہ نوناری اور منٹھار محمد، فیصل بینک کے نمائندگان رسول بخش جمالی، ندیم ابڑو، محمد بلال اور محمد عارف نوناری،حیدرآباد چیمبر کے، نائب صدر عرفان اربیانی، سابق صدر محمد اکرم انصاری، اراکین ایگزیکٹیو کمیٹی سمیت بڑی تعداد میں تاجروں اور صنعتکاروں نے شرکت کی۔سیشن کے دوران شرکاء نے اسلامی بینکاری کے عملی طریقہ کار، کاروباری مالیاتی سہولتوں اور شریعت کے مطابق بینکاری سے متعلق سوالات کیے، جن کے ماہرین نے تفصیلی جوابات دیے۔ پروگرام کے اختتام پر حیدرآباد چیمبر کے سینئر نائب صدر محمد فہد میاں نے مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔

Comments

No comments yet. Why don’t you start the discussion?

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *