حیدراباد پریس کلب میں صحافیوں کے مسائل کے حل کے لیے حیسکو کی پہلی تاریخی کھلی کچہری، اوور بلنگ پر فوری کارروائی کے احکامات

حیدراباد پریس کلب میں صحافیوں کے مسائل کے حل کے لیے حیسکو کی پہلی تاریخی کھلی کچہری، اوور بلنگ پر فوری کارروائی کے احکامات
ریکوری 83.5 فیصد تک پہنچ گئی، رواں سال 90 فیصد کا ہدف مقرر؛ 83 فیڈرز لوڈ شیڈنگ فری کر دیے، حیسکو کو عوامی خدمت کا مثالی ادارہ بنائیں گے: سی ای او فیض اللہ ڈاہری
حیدراباد (رپورٹ ہارون أرائیں ) حیسکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر فیض اللہ ڈاہری نے کہا ہے کہ حیسکو کی تاریخ میں پہلی مرتبہ صرف صحافی برادری کے مسائل سننے اور ان کے فوری ازالے کے لیے خصوصی کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا ہے، جس میں تقریباً 100 صحافیوں کی شکایات پر موقع پر ہی کارروائی کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔
حیدراباد پریس کلب میں بجلی کے بلوں میں اوور بلنگ، ڈیڈکشن اور دیگر تکنیکی مسائل کے حوالے سے منعقدہ کھلی کچہری سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیض اللہ ڈاہری نے کہا کہ پریس کلب نے صحافیوں کی فلاح کے لیے بہترین اقدام اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روشنیوں کے سفر میں صحافی برادری ہمارے شانہ بشانہ کھڑی ہے، باہمی تعاون سے حیسکو کو عوامی خدمت کا مثالی ادارہ بنائیں گے اور بجلی سستی کرنے میں بھی اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔
حیسکو کی سالانہ کارکردگی کے اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے بتایا کہ جنوری 2025 میں جب انہوں نے عہدہ سنبھالا تو ادارے کی ریکوری 74 فیصد تھی، جو جون تک 9.5 فیصد اضافے کے ساتھ 83.5 فیصد تک پہنچ گئی، جبکہ لائن لاسز 27.60 فیصد سے کم ہو کر 25.5 فیصد پر آ گئے ہیں، جو کہ 2.1 فیصد کی تاریخی کمی ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ رواں سال ریکوری کو 90 فیصد تک لے جانے اور لائن لاسز کو 23.3 فیصد تک کم کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات جاری ہیں۔
فیض اللہ ڈاہری کا مزید کہنا تھا کہ ایک سال کے دوران بجلی کی مجموعی فروخت (سیل) میں 16 فیصد جبکہ گزشتہ چار ماہ میں 7.3 فیصد بہتری ریکارڈ کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں دو دہائیوں سے مقامی ورکشاپس سے مرمت شدہ ٹرانسفارمرز لوڈ برداشت کرنے کے قابل نہیں تھے، تاہم اب انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن کے تحت بڑی تعداد میں نئے ٹرانسفارمرز نصب کیے جا رہے ہیں جس سے ٹرانسفارمر جلنے کی شرح میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے انہوں نے واضح کیا کہ اب تک 83 فیڈرز کو لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دیا جا چکا ہے، جبکہ دیگر فیڈرز پر نقصانات کے تناسب اور طے شدہ شیڈول کے مطابق لوڈ مینجمنٹ کی جاتی ہے۔
قبل ازیں، صدر حیدراباد پریس کلب جنید خانزادہ نے حیسکو چیف اور ان کی ٹیم کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پریس کلب نے ایک نئی روایت قائم کر کے تاریخ رقم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ افسران کی تعیناتی نہیں بلکہ ان کی کارکردگی اور رخصتی تاریخ رقم کرتی ہے کہ وہ ادارے اور عوام کے لیے کیا نقوش چھوڑ کر جا رہے ہیں، اور اس وقت حیسکو کی پوری ٹیم بہترین ہم آہنگی کے ساتھ کام کر رہی ہے۔ تقریب سے پریس کلب کے جنرل سیکرٹری اشوک شرما نے بھی خطاب کیا اور صحافیوں کو درپیش بجلی کے مسائل پر روشنی ڈالی۔
تقریب کے اختتام پر صدر پریس کلب جنید خانزادہ اور سیکرٹری اشوک شرما نے حیسکو چیف فیض اللہ ڈاہری کو سندھ کی روایتی سندھی ٹوپی اور اجرک کا تحفہ پیش کیا۔ اس موقع پر پریس کلب انتظامیہ کی جانب سے حیسکو افسران عقیل نور میمن، سہیل شیخ، صلاح الدین شیخ، ارشد شیخ، زوہیب شیروانی، اختیار میمن، اسد عامر پیرزادہ، منیر احمد پہنور، فضل الرحمن میمن، ولی داد چانڈیو، اقبال میمن، عرفان شیخ، اشفاق احمد، فہیم شیخ، عبدالوحید برڑو، وقاص ترین، فرحان اشرف، شفیق ڈاہری، پی آر او صادق کبر اور معروف سماجی رہنما جنید ڈاہری کو بھی سندھی ٹوپی اور اجرک پہنائی گئی۔

Comments

No comments yet. Why don’t you start the discussion?

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *