
ایس ایس پی آفس حیدرآباد میں سیف سٹی میگا پروجیکٹ کا افتتاح
ایس ایس پی آفس حیدرآباد میں آج سیف سٹی میگا پروجیکٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا گیا۔
افتتاحی تقریب میں ڈی آئی جی حیدرآباد طارق رزاق خان دھاریجو، ایس ایس پی حیدرآباد شاہزیب چاچڑ، ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین میمن، سی پی کے کے چیئرمین مراد سونی، سائٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین و معروف بزنس مین زبیر گھانگرا، سماجی رہنما عمران سہروردی، صدر پریس کلب جنید خانزادہ سمیت صحافیوں، تاجر برادری اور شہر کے معززین نے شرکت کی۔
سیف سٹی پروجیکٹ کیمونٹی پولیسنگ کراچی(CPK) کے چیرمین مراد سونی کی سربراہی میں پولیس اور تاجر برادری کے باہمی تعاون سے شروع کیا جا رہا ہے جس کا مقصد شہر میں جرائم کی روک تھام اور عوام کو محفوظ ماحول فراہم کرنا ہے۔
کیمونٹی پولیسنگ کراچی(CPK) کے چیرمین مراد سونی کی سربراہی میں معروف بزنس مین زبیر گھانگرا اور سماجی رہنما عمران سہروردی جنہیں بالترتیب اس پروجیکٹ کا چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔
سیف سٹی پروجیکٹ کے تحت ابتدائی طور پر کوہ نور چوک پر جدید ترین اعلیٰ کوالٹی کا کیمرا نصب کیا گیا ہے جس کی نگرانی ایس ایس پی آفس حیدرآباد میں قائم کمانڈ اینڈ کنٹرول روم سے کی جائے گی۔
پروجیکٹ کا آفس ایس ایس پی آفس میں قائم کیا گیا ہے جس میں بزنس کیمونٹی کے زبیر گھانگرہ اور انکی ٹیم اس تمام پروجیکٹ کی نگرانی کریں گے۔
اس منصوبے کے پہلے مرحلے میں تقریباً 15 کلومیٹر کے علاقے میں نگرانی کا نظام قائم کیا جائے گا، جس کے تحت آئندہ تین ماہ کے دوران شہر کے مختلف 100 پوائنٹس پر جدید 8 میگا پکسل کیمرے نصب کیے جائیں گے۔
اس جدید نگرانی نظام کے قیام سے ضلع حیدرآباد میں جرائم کی مؤثر روک تھام میں مدد ملے گی، جبکہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو مزید یقینی بنایا جا سکے گا.
