ڈویژنل کمشنر حیدرآباد فیاض حسین عباسی کا سیہون اور بھان سیدآباد میں ترقیاتی منصوبوں کا دورہ، عوامی بہبود کے منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت
سیہون شریف: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر ڈویژنل کمشنر حیدرآباد فیاض حسین عباسی نے ڈپٹی کمشنر جامشورو غضنفر علی قادری اور دیگر متعلقہ افسران کے ہمراہ سیہون اور بھان سیدآباد میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کیا اور تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے ہدایت کی کہ عوامی بہبود سے متعلق ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
ڈویژنل کمشنر نے سیہون میں جھاز چوک سے کالج اور درگاہ بودلا بہار تک جاری ڈبل روڈ کے ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کام کی رفتار تیز کی جائے اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں کسی بھی قسم کی سست روی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، کیونکہ سندھ حکومت کی اولین ترجیحات میں عوام کو ریلیف فراہم کرنا شامل ہے۔
اس موقع پر ڈویژنل کمشنر نے جھاز چوک سے درگاہ بودلا بہار تک ڈبل روڈ کی تعمیر میں حائل رکاوٹوں (قبضوں) کا بھی جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر جامشورو غضنفر علی قادری نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ روڈ کی تعمیر میں رکاوٹ بننے والی حد بندیوں کو تیزی سے ہٹایا جا رہا ہے تاکہ ترقیاتی کام بلا رکاوٹ مکمل ہو سکے۔
اس کے بعد ڈویژنل کمشنر فیاض حسین عباسی نے بھان سیدآباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے شہر کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے شہر سے حد بندیوں کے خاتمے، ٹاؤن کمیٹی بھان سیدآباد کی کارکردگی کو بہتر بنانے، گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری اسکول میں لائبریری کو مزید فعال کرنے، گرلز کالج کی عمارت کو جلد مکمل کرنے اور شہر میں سبزی منڈی قائم کرنے کے حوالے سے متعلقہ عہدیداران کو ہدایات جاری کیں۔
انہوں نے بھان سیدآباد ٹاؤن کمیٹی کے دفتر اور پارک کو مزید خوبصورت اور فعال بنانے کے لیے بھی ہدایات دیں، جبکہ شہریوں کی علمی اور مطالعاتی سہولیات کے لیے بھان سیدآباد میں پبلک لائبریری قائم کرنے کی بھی ہدایت کی۔
دورے کے دوران چیف انجینئر بلڈنگز شیر محمد میہسر، چیف انجینئر پبلک ہیلتھ شفیق احمد میمن، سپریٹنڈنٹ انجینئر غبدالسلام میمن، ایگزیکٹو انجینئر پروونشل ہائی وے امیر علی لاشاری، ایگزیکٹو انجینئر پبلک ہیلتھ صدام حسین مری، اسسٹنٹ کمشنر سیہون بابر علی بلوچ، ایگزیکٹو انجینئر بلڈنگز پرویز خواجہ، چیئرمین بھان سیدآباد محمد صدیق میمن، مختارکار سید عابد علی شاہ، اسٹاف آفیسر مظهر پنہور سمیت ریونیو، پبلک ہیلتھ، ورکس اینڈ سروسز، میونسپل، ٹاؤن، پولیس اور انٹی انکروچمنٹ کے محکموں کے عہدیداران بھی موجود تھے۔
اس سے قبل ڈویژنل کمشنر حیدرآباد فیاض حسین عباسی نے سیہون میں ڈی سی کیمپ آفس میں متعلقہ افسران کے ساتھ ترقیاتی منصوبوں سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس بھی کیا، جس میں جاری منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ لیتے ہوئے کام کو مزید تیز کرنے اور بروقت مکمل کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔
بعد ازاں ڈویژنل کمشنر حیدرآباد فیاض حسین عباسی ڈپٹی کمشنر جامشورو غضنفر علی قادری کے ہمراہ درگاہ حضرت لعل شہباز قلندرؒ پر حاضری دی اور ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا کی۔
