

کراچی تھانہ جیکسن کی حدود میں مبینہ منشیات فروشی، شہریوں کا اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ
کراچی کے علاقے تھانہ جیکسن کی حدود پٹھان مسجد کے قریب مبینہ طور پر منشیات فروشی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق سمیر جدون نامی شخص مبینہ طور پر علاقے میں بھاری مقدار میں منشیات فروخت اور سپلائی کرنے میں ملوث بتایا جاتا ہے۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ شخص کھلے عام منشیات کا دھندا جاری رکھے ہوئے ہے جبکہ اس کے خلاف اب تک کوئی مؤثر کارروائی دیکھنے میں نہیں آئی۔ ذرائع کے مطابق ملزم کو بعض کرپٹ عناصر کی مبینہ سرپرستی حاصل ہونے کے باعث وہ بلا خوف و خطر اپنے غیر قانونی کاروبار کو جاری رکھے ہوئے ہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اس قسم کی سرگرمیوں سے علاقے کے نوجوان بری طرح متاثر ہو رہے ہیں اور امن و امان کی صورتحال بھی خراب ہونے کا خدشہ ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ منشیات کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں اور ملوث عناصر کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔
شہریوں نے آئی جی سندھ، ایڈیشنل آئی جی، ڈی آئی جی اور ایس ایس پی کیماڑی سے اپیل کی ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے معاملے کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور اگر الزامات درست ثابت ہوں تو ذمہ دار افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔
