



حیدرآباد جرائم پیشہ عناصر اور منشیات فروشوں کے خلاف نمایاں کارکردگی پر پولیس افسران و جوانوں کو تعریفی اسناد سے نواز دیا گیا
ایس ایس پی حیدرآباد شاہزیب چاچڑ کی جانب سے جرائم پیشہ عناصر اور منشیات فروشوں کے خلاف نمایاں اور مؤثر کارروائیاں کرنے پر پولیس افسران و جوانوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے تعریفی سرٹیفکیٹس جاری کیے گئے۔
اس سلسلے میں ایس ایس پی حیدرآباد نے تھانہ مکی شاہ کے ایس ایچ او انسپیکٹر نثار احمد شاہ اور ان کی ٹیم کو جرائم اور منشیات کے خلاف بہترین اور قابلِ تحسین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر تعریفی سرٹیفکیٹس سے نوازا۔
اس موقع پر ایس ایس پی حیدرآباد شاہزیب چاچڑ نے افسران و جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیس فورس کے یہ بہادر افسران اور جوان میرے فخر اور میرے مضبوط بازو ہیں۔ جرائم کے خلاف اس نوعیت کی کامیاب کارروائیاں نہ صرف محکمہ پولیس کی نیک نامی کا باعث بنتی ہیں بلکہ عوام کے اعتماد میں بھی اضافہ کرتی ہیں۔
انہوں نے مزید امید ظاہر کی کہ پولیس افسران و اہلکار آئندہ بھی اسی جذبے اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ساتھ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھیں گے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
