( نوشہروفیروز ( رانا ندیم انجم
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ون) شاہد ہ پروین نے ضلع میں 20 مئی سے شروع ہونے والی چھے روزہ انسداد خسرہ اور روبیلا مہم کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لئے ایک اجلاس کی صدارت کی۔انہوں نے کہاکہ ضلع کے 6 ماہ سے پانچ سال کی عمر تک کو بچوں کو خسرہ جیسی موذی مرض سے بچاؤ کے لئے ویکسین لگانے کی مہم شروع کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ گرم موسم کے باعث ویکسین کی کولڈ چین برقرار رکھنے کے لئے تمام ضروری انتظامات مکمل کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ ضلع کے مختلف شہروں میں خسرہ کے کیس ظاہر ہونے پر ضلع کی دو تحصیلوں میں بھریا اور نوشہروفیروز میں یہ مہم چلائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام میں اس مرض کے متعلق آگاہی اور شعور پیدا کرنے کے لئے کوششوں کو تیز کیا جائے۔ اس سے قبل ای پی آئی مہم کے فوکل پرسن ڈاکٹر عبدالستار بلال نے اجلاس کو بتایا کہ اس مہم کے دوران ہر ٹیم میں تین فرد شامل ہوں گے۔ کل 166 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔اور اس مہم کے دوران سیشن کی صورت میں ہر محلے میں جاکر بچوں کو ویکسین لگائی جائے گی ۔ یہ خوراک عام خوراک کے ساتھ اضافی خوراک کے طور پر دی جائے گی۔اس موقع پرڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر غلام قادر چانڈیو، عالمی ادارہ صحت کے پی او ڈاکٹر غلام علی سولنگی، این اسٹاپ آفیسر ڈاکٹر لبنیٰ علی گھانگھرو اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔