
ذمہ دار صحافت ہی پاکستان کے مثبت عالمی تشخص کی ضامن ہے احسن ناغڑ ۔
صحافیوں کا تحفظ اور آزادیِ اظہار ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے — آئی ایس پی او
حیدرآباد:
استحکام پاکستان آرگنائزیشن (آئی ایس پی او) کے چیئرمین محمد احسن ناغڑ نے 3 مئی یومِ آزادیِ صحافت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آزاد، ذمہ دار اور باوقار صحافت کسی بھی مہذب، جمہوری اور مستحکم معاشرے کا بنیادی ستون ہے، جو نہ صرف ریاستی اداروں اور عوام کے درمیان پل کا کردار ادا کرتی ہے بلکہ قومی و بین الاقوامی سطح پر ملک کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے میں بھی کلیدی اہمیت رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ عصرِ حاضر میں میڈیا صرف خبر رسانی کا ذریعہ نہیں رہا بلکہ یہ عالمی سفارت کاری، رائے عامہ کی تشکیل اور بین الاقوامی تعلقات پر اثرانداز ہونے والا ایک مؤثر ہتھیار بن چکا ہےایسے میں پاکستانی میڈیا پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ قومی مفادات، ریاستی خودمختاری اور عالمی اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے متوازن، مستند اور ذمہ دارانہ رپورٹنگ کو فروغ دے۔محمد احسن ناغڑ نے کہا کہ پاکستان کے صحافیوں نے ہمیشہ مشکل حالات، سیکیورٹی چیلنجز اور محدود وسائل کے باوجود پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو احسن انداز میں نبھایا ہے، جو قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ صحافت میں سچائی، تحقیق اور غیرجانبداری جیسے اصولوں کو ہر حال میں مقدم رکھا جانا چاہیے تاکہ عوام کا اعتماد برقرار رہے اور عالمی سطح پر پاکستان کا امیج مزید مستحکم ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ ڈیجیٹل دور میں فیک نیوز، ڈس انفارمیشن اور ہائبرڈ وار فیئر جیسے چیلنجز تیزی سے ابھر رہے ہیں، جن کا مقابلہ صرف تربیت یافتہ، باخبر اور ذمہ دار میڈیا ہی کر سکتا ہے۔ اس ضمن میں ریاستی اداروں، میڈیا ہاؤسز اور سول سوسائٹی کے درمیان مؤثر ہم آہنگی وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ قومی بیانیے کو مضبوط اور منفی پروپیگنڈے کو مؤثر انداز میں رد کیا جا سکےچیئرمین آئی ایس پی او نے حکومتِ پاکستان اور متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ وہ صحافیوں کے تحفظ، پیشہ ورانہ آزادی، اور فلاح و بہبود کے لیے جامع اور پائیدار پالیسیوں کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو ایک محفوظ اور سازگار ماحول فراہم کرنا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے، تاکہ وہ بلاخوف و خطر حقائق کو عوام کے سامنے لا سکیں۔انہوں نے بین الاقوامی برادری کو بھی یہ پیغام دیا کہ آزادیِ اظہارِ رائے اور صحافت کے عالمی اصولوں کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں، اور پاکستان اس حوالے سے مثبت اور تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔آخر میں محمد احسن ناغڑ نے ملک بھر کی صحافی برادری کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایک مضبوط، خودمختار اور ترقی یافتہ پاکستان کے قیام میں آزاد اور ذمہ دار صحافت کا کردار نہایت اہم اور ناقابلِ فراموش ہے۔
جاری کردہ:
ترجمان
استحکام پاکستان آرگنائزیشن (آئی ایس پی او)
