حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر محمد سلیم میمن نے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ

حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر محمد سلیم میمن نے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے کردار کو عیدالاضحی کے موقع کو اہم قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیاکہ قربانی کے جانوروں کی آلائشوں، ہڈیوں، چربی اور دیگر نامیاتی ویسٹ کو جدید، سائنسی اور ماحول دوست انداز میں ٹھکانے لگانے کیلئے جامع اور پائیدار ویسٹ مینجمنٹ حکمت عملی مرتب کی جائے۔اس سلسلے میں انہوں نے جنرل منیجر آپریشنز کو ایک تفصیلی خط ارسال بھی کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے دوران شہر بھر میں قربانی کے جانوروں کی بڑی تعداد کے باعث آلائشوں اور نامیاتی ویسٹ میں غیر معمولی اضافہ ہو جاتا ہے، جس کے باعث مختلف رہائشی اور تجارتی علاقوں میں صفائی ستھرائی، بدبو، نکاسی اور ماحولیاتی آلودگی جیسے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ سلیم میمن نے کہا کہ حیدرآباد چیمبر نے گزشتہ برس بھی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کو اس حوالے سے تجاویز دی تھیں اور اس سال بھی زمینی حقائق اور عوامی شکایات کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید مؤثر اور جدید اقدامات کی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی علاقوں سے یہ شکایات موصول ہو رہی ہیں کہ قربانی کے جانوروں کی آلائشیں، ہڈیاں اور دیگر باقیات بروقت نہیں اٹھائی جاتیں، جس کے باعث شدید تعفن، گندگی اور ماحولیاتی مسائل جنم لیتے ہیں۔صدر چیمبر نے اپنے خط میں تجویز دی کہ قربانی کے جانوروں کے ویسٹ کو عام گھریلو کچرے سے مکمل طور پر الگ رکھا جائے اور اس مقصد کیلئے خصوصی بائیو ڈی گریڈیبل بیگز شہریوں میں تقسیم کیے جائیں تاکہ آلائشوں، ہڈیوں اور دیگر نامیاتی مواد کی علیحدہ کلیکشن ممکن بنائی جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عیدالاضحیٰ کے دنوں میں صرف قربانی کے ویسٹ کیلئے الگ گاڑیاں اور خصوصی کلیکشن ٹیمیں تعینات کی جائیں تاکہ ویسٹ کی فوری منتقلی اور صفائی کو یقینی بنایا جا سکے۔ سلیم میمن نے اس امر پر بھی زور دیا کہ یونین کونسل سطح پر عارضی کلیکشن پوائنٹس قائم کیے جائیں جہاں چونے، جراثیم کش اسپرے اور دیگر حفاظتی اقدامات کے ذریعے بدبو اور بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔انہوں نے تجویز دی کہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ قربانی کے جانوروں کے ویسٹ سے آرگینک فرٹیلائزر، بائیو گیس اور دیگر صنعتی مصنوعات تیار کرنے کیلئے باقاعدہ منصوبہ بندی کرے۔ ان کے مطابق ہڈیوں، چربی اور دیگر باقیات کو جدید سائنسی طریقوں سے استعمال میں لا کر نہ صرف ماحول دوست حل نکالا جا سکتا ہے اور اس سے تیار ہونے والی آرگینک کھاد زرعی شعبے کیلئے انتہائی مفید ثابت ہو سکتی ہے اور سندھ کے کسانوں کو معیاری نامیاتی فرٹیلائزر دستیاب ہو سکے گا۔صدر چیمبر نے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی جانب سے پلاسٹک ویسٹ ری سائیکلنگ اور ویسٹ مینجمنٹ کے دیگر اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ جس طرح پلاسٹک ویسٹ کو قابلِ استعمال مصنوعات میں تبدیل کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، اسی طرز پر عیدالاضحیٰ کے نامیاتی ویسٹ کیلئے بھی مستقل اور جدید سسٹم متعارف کروانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ عوامی آگاہی مہم بھی اس سلسلے میں انتہائی اہم ہے اور مساجد، سوشل میڈیا، بینرز، مقامی انتظامیہ اور سماجی اداروں کے ذریعے شہریوں کو صفائی اور مناسب ویسٹ ڈسپوزل کے حوالے سے شعور دیا جانا چاہیے تاکہ شہری بھی اس قومی اور شہری ذمہ داری میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔محمد سلیم میمن نے اس امید کا اظہار کیا کہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے عیدالاضحیٰ 2026 کیلئے بروقت، مربوط اور مؤثر حکمت عملی اختیار کریں گے تاکہ حیدرآباد شہر کو صاف، صحت مند اور ماحول دوست بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہے۔

Comments

No comments yet. Why don’t you start the discussion?

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *