ڈویژنل کمشنر اور ڈی آئی جی حیدرآباد کا سیہون میں محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ، سیکیورٹی اور سہولیات ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت*
*سیہون شریف:* ڈویژنل کمشنر حیدرآباد فیاض حسین عباسی اور ڈی آئی جی حیدرآباد طارق رزاق دھاریجو 8 محرم الحرام کے موقع پر سیہون پہنچے اور محرم الحرام کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جامشورو غضنفر علی قادری، ایس ایس پی جامشورو محمد ظفر صدیق چھانگا، اسسٹنٹ کمشنر سیہون بابر علی اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
ڈویژنل کمشنر اور ڈی آئی جی حیدرآباد نے درگاہ حضرت لال شہباز قلندرؒ، جہانگارا اور باجارا سمیت مختلف امام بارگاہوں، مجالس اور ماتمی جلوسوں کا دورہ کر کے سیکیورٹی، صفائی، لائٹنگ اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے منتظمین سے ملاقات کر کے محرم الحرام کے انتظامات کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کیں۔
اس موقع پر ڈویژنل کمشنر فیاض حسین عباسی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران مجالس اور ماتمی جلوسوں کے گزرگاہوں پر صفائی ستھرائی، روشنی، سیکیورٹی، ٹریفک اور دیگر تمام انتظامات ہر صورت یقینی بنائے جائیں تاکہ عزاداروں کو کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈویژنل کمشنر نے بتایا کہ 8 محرم الحرام کو سیہون میں مجالس اور ماتمی جلوس پرامن ماحول میں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پورے حیدرآباد ڈویژن میں 9 محرم الحرام کو 275 اور 10 محرم الحرام کو 495 ماتمی جلوس برآمد ہوں گے، جبکہ ضلع جامشورو میں 9 محرم کو 28 اور 10 محرم کو 43 ماتمی جلوس نکلیں گے، جن کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ ڈرون کیمرے کے ذریعے ماتمی جلوسوں کی نگرانی جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس، پاک فوج، رینجرز، حیسکو، ریسکیو 1122، صحت کا شعبہ، ضلعی انتظامیہ، ڈی سی آفس کنٹرول روم اور رضاکار اسکاؤٹس مکمل ہم آہنگی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔
اس موقع پر ڈی آئی جی حیدرآباد طارق رزاق دھاریجو نے میڈیا کو بتایا کہ پورے حیدرآباد ڈویژن میں تقریباً 18 ہزار پولیس اہلکار محرم الحرام کی ڈیوٹیوں پر تعینات ہیں، جبکہ پاک فوج اور رینجرز کے جوان بھی سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ضلع جامشورو میں 1,600 پولیس اہلکار مختلف مجالس اور ماتمی جلوسوں پر تعینات کیے گئے ہیں، جو پٹرولنگ، داخلی اور خارجی راستوں پر سخت چیکنگ اور دیگر حفاظتی اقدامات کے ذریعے امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سرگرم ہیں، تاکہ عزاداروں کو محفوظ اور پرامن ماحول فراہم کیا جا سکے۔