آٹو بھان روڈ پر روزانہ حادثات، قیمتی جانوں کا ضیاع ناقابلِ قبول، فوری حفاظتی اقدامات کیے جائیں:صدر حیدرآباد چیمبر، سلیم میمن

آٹو بھان روڈ پر روزانہ حادثات، قیمتی جانوں کا ضیاع ناقابلِ قبول، فوری حفاظتی اقدامات کیے جائیں:
صدر حیدرآباد چیمبر، سلیم میمن
حیدرآباد( ) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدرمحمد سلیم میمن نے آٹو بھان روڈ پر روزانہ کی بنیاد پر پیش آنے والے ٹریفک حادثات تشویش ناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور املاک کو پہنچنے والے مسلسل نقصانات نے اس اہم شاہراہ کو ایک سنگین عوامی مسئلہ بنا دیا ہے، جس پر فوری اور مؤثر اقدامات کی اشد ضرورت ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں چیمبر کی جانب سے چیف سیکریٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ کو ایک تفصیلی مراسلہ ارسال کیا گیا ہے، جس میں آٹو بھان روڈ پر ٹریفک کے بڑھتے ہوئے خطرات، روزانہ پیش آنے والے حادثات اور ان کے مستقل حل کے لیے جامع تجاویز پیش کی گئی ہیں۔صدر چیمبر سلیم میمن نے کہا کہ حکومت سندھ کی جانب سے آٹو بھان روڈ کی تعمیر و توسیع ایک قابلِ تحسین منصوبہ ہے جس نے شہر کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا اور ٹریفک کی روانی میں نمایاں بہتری لائی، تاہم منصوبے کی حقیقی کامیابی اسی وقت ممکن ہوگی جب اس شاہراہ کو مکمل طور پر محفوظ بھی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ چیمبر نے گزشتہ برس بھی حکومت سندھ کو پیشگی طور پر متعدد حفاظتی تجاویز پیش کی تھیں، مگر افسوس کہ ان میں سے بیشتر پر تاحال عمل درآمد نہیں ہوسکا۔ آج جبکہ روزانہ حادثات میں شہری اپنی جانوں سے ہاتھ دھو رہے ہیں یا شدید زخمی ہو رہے ہیں، ان تجاویز پر فوری عمل درآمد وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔صدر چیمبر نے چیف سیکریٹری سندھ سے مطالبہ کیا کہ آٹو بھان روڈ کے درمیان حفاظتی گرِلز نصب کی جائیں تاکہ غیر قانونی کراسنگ روکی جا سکے، مختلف مقامات پر مزید پیدل چلنے والوں کے لیے فٹ اوور برج تعمیر کیے جائیں، جدید ٹریفک نگرانی کے کیمرے نصب کیے جائیں، جبکہ آٹو بان روڈ کے لیے ٹریفک پولیس کا خصوصی یونٹ تشکیل دے کر چوبیس گھنٹے مؤثر پیٹرولنگ کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے مزید مطالبہ کیا کہ ون وے کی خلاف ورزی، غلط سمت سے گاڑی چلانے، غیر قانونی پارکنگ، تجاوزات، تیز رفتاری اور دیگر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے، سڑک پر واضح روڈ مارکنگ، ریفلیکٹو سائن بورڈز، زیبرا کراسنگ، مناسب اسٹریٹ لائٹس اور دیگر جدید حفاظتی انتظامات بھی فوری طور پر فراہم کیے جائیں تاکہ حادثات کی شرح میں نمایاں کمی لائی جا سکے۔ سلیم میمن نے کہا کہ آٹو بان روڈ نہ صرف حیدرآباد بلکہ پورے سندھ کی ایک اہم تجارتی شاہراہ ہے، جہاں روزانہ ہزاروں گاڑیاں، موٹر سائیکلیں، طلبہ، ملازمین، تاجر اور شہری آمدورفت کرتے ہیں۔ اگر بروقت حفاظتی اقدامات نہ کیے گئے تو مزید قیمتی جانوں کے ضیاع کا خدشہ برقرار رہے گا۔انہوں نے چیف سیکریٹری سندھ سے اپیل کی کہ وہ متعلقہ محکموں کو فوری ہدایات جاری کریں تاکہ آٹو بھان روڈ پر جامع ٹریفک مینجمنٹ اور روڈ سیفٹی پلان پر ترجیحی بنیادوں پر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری شہریوں کے جان و مال کے تحفظ، بہتر شہری انفراسٹرکچر اور محفوظ ٹریفک نظام کے قیام کے لیے تمام متعلقہ حکومتی اداروں سے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔

Comments

No comments yet. Why don’t you start the discussion?

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *