سرگودھا ظفر کالونی بلاک بی میں سیوریج کا پانی گلیوں میں جمع مکینوں کی مشکلات میں اضافہ

سرگودھا ظفر کالونی بلاک بی میں سیوریج کا پانی گلیوں میں جمع مکینوں کی مشکلات میں اضافہ

سرگودھا چیئرمین سینیٹر سیٹیزن فاؤنڈیشن عبدالقدیر خان نے واسا کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے ظفر کالونی بلاک بی کی تین گلیاں طویل عرصے سے سیوریج کے گندے پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں، جس کے باعث سینکڑوں مکین شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ گلیوں میں جمع گندے پانی نے آمدورفت تقریباً ناممکن بنا دی ہے جبکہ اہل علاقہ کو جنازے بھی سیوریج کے پانی سے گزار کر لے جانے پر مجبور ہونا پڑتا ہے۔مکینوں کے مطابق علاقے کی مین سیوریج لائن طویل عرصے سے خراب پڑی ہے، جس کے باعث گندا پانی گلیوں میں جمع ہو رہا ہے۔ متعدد مرتبہ متعلقہ اداروں کو مسئلے سے آگاہ کیا گیا، تاہم تاحال مستقل بنیادوں پر سیوریج لائن کی مرمت نہیں کی جا سکی۔گلیوں میں کئی کئی دن کھڑا رہنے والے گندے پانی سے شدید تعفن اٹھ رہا ہے جبکہ مچھروں اور دیگر حشرات کی بھرمار نے اہل علاقہ کی مشکلات مزید بڑھا دی ہیں۔ مکینوں کا کہنا ہے کہ سیوریج کا پانی گھروں کے دروازوں تک پہنچ چکا ہے اور بچوں، بزرگوں اور خواتین کو آمدورفت میں شدید دشواری کا سامنا ہے۔اہل علاقہ کے مطابق بارش کی صورت میں صورتحال مزید سنگین ہو جاتی ہے اور سیوریج کا پانی گلیوں میں پھیل جاتا ہے۔ گندے پانی کے باعث ماحولیاتی آلودگی میں بھی اضافہ ہو رہا ہے جبکہ بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔مکینوں کا کہنا ہے کہ علاقے کی مین لائن کی خرابی دور نہ ہونے کے باعث مسئلہ بار بار شدت اختیار کر رہا ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر سیوریج لائن کی مرمت کی جائے، گلیوں سے جمع گندا پانی نکالا جائے اور صفائی کا مستقل نظام یقینی بنایا جائے۔اہل علاقہ نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ظفر کالونی بلاک بی کی تینوں متاثرہ گلیوں کا فوری نوٹس لیتے ہوئے سیوریج کا دیرینہ مسئلہ حل کیا جائے تاکہ مکینوں کو اس اذیت سے نجات مل سکے۔

Comments

No comments yet. Why don’t you start the discussion?

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *