
جشنِ آزادی پر سینیئر سٹیزن فاؤنڈیشن سرگودھا کے اراکین کا پُرجوش اجتماع
سرگودھا: سینیئر سٹیزن فاؤنڈیشن سرگودھا کے معزز اراکین نے جشنِ آزادی پاکستان نہایت جوش و خروش، قومی جذبے اور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا۔ اس موقع پر اراکین نے سبز ہلالی پرچم لہرایا اور وطنِ عزیز کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینیئر سٹیزن فاؤنڈیشن عبدالقدیر خان نے کہا کہ آزادی اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہے۔ پاکستان ہمارے بزرگوں کی لازوال قربانیوں اور جدوجہد کا ثمر ہے، اس لیے ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ وطن کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو قیامِ پاکستان کی تاریخ، تحریکِ آزادی اور ہمارے بزرگوں کی قربانیوں سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
سینئر وائس چیئرمین کوثر علی بھٹی نے اپنے بیان میں کہا کہ جشنِ آزادی محض ایک دن منانے کا نام نہیں بلکہ یہ ہمیں اپنے قومی فرائض اور ذمہ داریوں کی یاد دہانی کراتا ہے۔ ہمیں قائداعظم محمد علی جناحؒ کے اصول اتحاد، ایمان اور تنظیم کو اپنی زندگیوں میں اپنانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بزرگ شہری پاکستان کی ترقی اور معاشرے کی تعمیر میں اپنے تجربے اور دانش کے ذریعے آج بھی اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
اراکین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پاکستان کی سلامتی، قومی یکجہتی اور معاشرتی اقدار کے فروغ کے لیے اپنا مثبت کردار جاری رکھیں گے۔ تقریب کے اختتام پر پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور قوم کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔